جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کی سب سے بڑی جیت

0

راجکوٹ(یو این آئی) اویس خان (4اوور میں 18/4) کی مدد سے ہندوستان نے تیسرے ٹی20- میں جنوبی افریقہ کے خلاف 82رن کی شاندار جیت درج کرائی۔ یہ رنوں کے لحاظ سے جنوبی افریقہ پر ہندوستان کی سب سے بڑی جیت ہے۔ 170رنوں کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی اننگز کبھی بھی فارم میں نظر نہیں آئی۔تیسرے اوور میں کپتان ٹیمبا باوما کے ریٹائر ہرٹ ہونے کے بعد ٹیم وقفے وقفے سے وکٹ گنواتی رہی۔ پروٹیازکے لئے راسی وین ڈیر ڈوسن نے سب سے زیادہ 20رن بنائے ۔ اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے 14اور مارکو جانسن نے 12رن بنائے ۔ ان کے علاوہ کوئی بھی افریقی بلے باز 10رن بھی نہ بنا سکا اور پوری ٹیم 87رن کے مختصر اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کی طرف سے اویس خان نے چار اووروں میں 18رن دے کر چار وکٹ حاصل کئے جبکہ یوزی چہل نے 4 اووروں میں 21رن دے کر 2 وکٹ حاصل کئے۔ ہرشل پٹیل اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ہندوستان کے 169رنوں کے جواب میں جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہ رہی۔ اننگز کے تیسرے اوور میں بھونیشور کمار کی گیند اوپنر اور کپتان ٹیمبا باوما کے کندھے پر لگی جس کے بعد وہ چوتھے اوور میں ریٹائر ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے ۔ پروٹیاز کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب ہرشل پٹیل نے پانچویں اوور میں اوپنر کوئنٹن ڈی کاک کو رن آؤٹ کیا۔ 13گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 14رن بنانے والے ڈی کاک کے آؤٹ ہونے کے بعد افریقہ کی 24رنوں پر 2وکٹ گر گئے ۔اس کے بعد افریقہ کے وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ٹیم کے 7بلے باز 10رن سے کم کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے جس میں دو بلے باز صفر پر بھی پویلین لوٹے ۔ جنوبی افریقہ نے 14رن کے اندر اپنے آخری پانچ وکٹ گنوا دیے۔
دوسری جانب ہندوستانی گیند باز میچ پر مکمل طور پر حاوی رہے۔ ہاردک پانڈیا ( ایک اوور، 12رن) کے علاوہ تمام گیند بازوں کی اکونومی 6 رن فی اوور سے نیچے رہی۔ اویس خان نے 4اوور میں 18رن دے کر 4 وکٹ لے کر ہندوستانی گیند بازوں کی قیادت کی۔ یوزی چہل نے چار اوور میں 21رن دے کر 2وکٹ حاصل کئے جبکہ اکشر پٹیل نے 3.5اوور میں 19رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہرشل پٹیل نے اپنے 2 اووروں میں محض 3رن دے کر ڈیوڈ ملر کا قیمتی وکٹ حاصل کیا۔ بھونیشور کمار نے ہمیشہ کی طرح کفایتی بالنگ کی، 2 اووروں میں 8 رن دیے ، حالانکہ انہیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی اور سیریز کا اپنا پہلا میچ کھیل رہے لونگی نگیڈی نے سلامی بلے باز رتوراج گائیکواڑ (5)کو دوسرے ہی اوور میں آؤٹ کردیا۔ مارکو جانسن نے تیسرے اوور میں شریاس ائیر (4)کو آؤٹ کیا اور ہندوستان نے 24رنوں پر ہی 2 وکٹ گنوا دیے۔ وکٹ جلدی گرنے کے سبب ہندوستان کی شروعات سست رہی اور ٹیم پاور پلے میں صرف 40رن ہی بنا سکی۔ پاور پلے ختم ہوتے ہی اوپنر ایشان کشن بھی 25گیندوں پر 27رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ اپنی اننگ میں ایشان نے تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کپتان رشبھ پنت (17)اور نائب کپتان ہاردک پانڈیا (46) کے درمیان 41رنوں کی شراکت ہوئی، لیکن پنت اننگ کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے ۔ پنت نے 17رن بنانے کے لئے 21گیندیں لیں اور صرف دو چوکے لگائے۔ 13 اوورز کے اختتام پر ہندوستان صرف 81رنز پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل میں تھا لیکن کارتک نے اپنی دھماکہ خیز بلے بازی سے ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ کارتک نے صرف 27گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 55رنز بنائے۔ پانڈیا نے کارتک کا ساتھ دیتے ہوئے 31گیندوں میں 46رنز بنائے ۔ اپنی ذمہ دارانہ اننگ میں پانڈیا نے 3چھکے اور3 چوکے لگائے ۔ہندوستان نے آخری 5 اووروں میں 73رن جوڑے اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 169رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے نگیڈی نے 3 اوورز میں 20رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جب کہ مارکو جانسن، ڈوین پریٹوریس، اینرک نورتجے اور کیشو مہاراج کے نام ایک ایک وکٹ رہا۔82رن کی اس زبردست جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز 2-2سے برابر کر لی۔ سیریز کا پانچواں میچ بنگلورو میں ہوگا جس میں فاتح ٹیم سیریز میں فاتح ہو گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS