ہندوستان نے اے ایف سی ایشین کپ 2023 کیلئے کوالیفائی کر لیا

0

ہانگ کانگ کو 4-0 سے روند ا‘ ٹاپ پوزیشن کے ساتھ فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائی
کولکاتا(ایس این بی) : ہندوستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اے ایف سی ایشین کپ گروپ ڈی کے اپنے آخری میچ میں ہانگ کانگ کو 4-0سے روند ڈالا۔ہندوستان نے 29سال بعد ہانگ کانگ کو ہرایا ہے۔ منگل کے روزسالٹ لیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں جیت کے ساتھ ہندوستان سرفہرست رہتے ہوئے اے ایف سی ایشین کپ 2023 کے لیے براہ راست کوالیفائی بھی کرلیا۔ حالانکہ اس میچ سے قبل ہی ہندوستان کو فائنل رائونڈ میں جگہ مل گئی تھی جب فلسطین نے فلپائن کو ہرایا تھا جس سے ہندوستان دوسری پوزیشن کے ساتھ فائنل رائونڈ میں پہنچ گیا تھا، اس وقت تک ہانگ کانگ گروپ میں ٹاپ پر تھا لیکن رات ساڑھے آٹھ بجے شروع ہونے والے میچ میں ہندوستان نے جارحانہ آغاز کیا اور میچ کے دوسرے ہی منٹ انور علی نے شاندار گول داغ کر ٹیم کو برتری دلائی۔اس کے بعد 45ویں منٹ میں ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری نے گول داغ کر برتری کو دگنی کردیا۔ دوسرے ہاف میں بھی ہندوستان کا پوری طرح دبدبہ رہا اور مہمان ٹیم کی واپسی کی کوشش کے درمیان ہندوستان نے ایک اور گول داغ کر اس کے حوصلے پست کردیئے۔ اس بار منویر سنگھ نے میچ کے 85ویں منٹ میں شاندار شاٹ کے ذریعہ ٹیم کے لیے تیسرا گول داغا۔ میچ کا چوتھا گول ایشان پنڈتا نے انجوری ٹائم کے تیسرے منٹ کیا۔ ہندوستان کی یہ مسلسل تیسری جیت ہے۔ ٹیم 9پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہی جبکہ ہانگ کانگ 6پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہا۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان نے لگاتار دوسری بار ایشین کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ وہ 2019 میں گروپ لیگ سے باہر ہوگیا تھا۔ ہندوستان نے مجموعی طور پر پانچویں بار اس براعظمی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا ، اس نے 1964، 1984، 2011، 2019 اور اب 2023 میں فائنل رائونڈ میں جگہ پکی کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS