برہموس کی سپلائی کیلئے ہندوستان کو فلپائن سے ملا پہلا آرڈر

0

نئی دہلی (پی ٹی آئی) : ہندوستان کو برہموس میزائلوں کیلئے جمعہ کو پہلا ایکسپورٹ آرڈر ملا۔ فلپائن کی وزارت دفاع نے برہموس ایرو اسپیس پرائیویٹ لمیٹڈ (بی اے پی ایل) کے ساتھ میزائلوں کی سپلائی کیلئے 37.4کروڑ ڈالر کے ٹھیکے پر دستخط کئے۔ حالانکہ میزائلوں کی تعداد کا انکشاف نہیں کیاگیاہے، فوجی حکام نے یہ جانکاری دی۔ ہند-روس کا مشترکہ پلانٹ بی اے پی ایل سپرسونک کروز میزائل برہموس بناتا ہے، جسے آبدوزوں، جہازوں، طیاروں، یا زمینی پلیٹ فارم سے لانچ کیا جاسکتا ہے۔ فوجی حکام نے بتایا کہ 37.4 کروڑ ڈالر کا ٹھیکہ فلپائن کی بحریہ کو ساحل سمندر پر تعینات کی جانے والی ’اینٹی شپ‘ (مزاحمتی) برہموس میزائل کی سپلائی کیلئے ہے۔ وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بی اے پی ایل نے فلپائن کے قومی دفاعی محکمہ کے ساتھ 28جنوری 2022 کو توپ شکن برہموس میزائل نظام کی سپلائی کیلئے ایک ٹھیکے پر دستخط کئے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ ’بی اے پی ایل ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی ایک مشترکہ کمپنی ہے۔ حکومت ہند کی دفاعی برآمدات کو بڑھاوا دینے کی پالیسی کیلئے یہ ٹھیکہ ایک اہم قدم ہے‘۔ ہندوستان پہلے ہی لداخ اور اروناچل پردیش میں چین سے متصل حقیقی لائن آف کنٹرول کے پاس فوجی نکتہ نظر سے اہم کئی مقامات پر بڑی تعداد میں برہموس میزائل اور دیگر دفاعی آلات تعینات کرچکا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS