مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے پر ہندوستان کا اظہار برہمی

0
Image: India Tv News

نئی دہلی: (یو این آئی) ہندوستان نے منگل کے روز پاکستان کے لاہور قلعے میں سکھ حکمراں مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حملے وہاں کے سماج میں اقلیتی برادریوں کے خلاف بڑھتی ہوئی عدم رواداری کی علامت ہیں جنہيں روکنے میں حکومت پاکستان ناکام ہو چکی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے میڈیا کے سوال پر آج یہاں کہا کہ ہم نے آج لاہور میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑے جانے کے بارے میں میڈیا رپورٹیں دیکھی ہیں۔ سال 2019 میں نصب کئے جانے کے بعد سے یہ مجسمہ گرانے کا تیسرا واقعہ ہے۔ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کے ثقافتی وراثت پر اس طرح کے حملے اقلیتی برادریوں کے احترام میں کمی اور وہاں کے سماج میں عدم رواداری بڑھنے کی علامت ہیں۔مسٹر ارندم باغچی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کے خلاف تشدد کے واقعات اور ان کی عبادت گاہوں اور ثقافتی وراثت پر حملے اور ان کی ذاتی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان ایسے حملوں کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اس سے اقلیتی برادریوں میں خوف کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقلیتی برادریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنائے”۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS