واشنگٹن /نئی دہلی : امریکہ کیلیفورنیا ریاست میں ایک پارک میں نصب مہاتما گاندھی کے مجسمے کے ساتھ کچھ نامعلوم بدمعاشوں نے توڑ پھوڑ کی اور اسے اکھاڑ دیا۔ اس واقعہ پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ہندوستان نے اس کی جانچ اور ذمہ دار لوگوں کے خلاف مناسب کارروائی کی مانگ کی ہے۔ شمالی کیلیفورنیا کے ڈیوس شہر کے سنٹرل پارک میں نصب مہاتما گاندھی کے6فٹ اونچے اور 294کلو گرام وزنی مجسمے کے نچلے حصے پر ضرب لگاکراسے اکھاڑا گیاہے۔ مجسمے کا آدھا چہرہ غائب ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مہاتما گاندھی کے ٹوٹے ہوئے مجسمے کو سب سے پہلے 27جنوری کی صبح پارک کے ایک ملازم نے دیکھا۔
نئی دہلی میں وزارت خارجہ نے کہا کہ اس نے اس معاملے کو امریکی سرکار کے سامنے اٹھایا ہے اور اس گھنائونا کام کرنے والوں کے خلاف مناسب کارروائی کی مانگ کی ہے۔ واضح رہے کہ یہ مجسمہ حکومت ہند کی طرف سے تحفے میں دیا گیا تھا۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت ہند عالمی سطح پر امن اور انصاف کی علامت کی روپ میں معروف ہستی کے تئیں افسوسناک اور گھنائونی حرکت کی سخت مذمت کرتی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ واشنگٹن میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے اس معاملے کو امریکی وزارت خارجہ کے سامنے اٹھایا ہے اور معاملے کی سنجیدگی سے جانچ کرکے واقعہ کے ذمہ دار شخص کے خلاف مناسب کارروائی کی مانگ کی ہے۔ وزارت خارجہ نے بتایا کہ امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مجسمے کو نقصان پہنچانے کا واقعہ ناقابل قبول ہے اور اس کی جانچ شروع کردی ہے۔ مقامی ہندوستانی کمیونٹی کی تنظیموں نے توڑ پھوڑ کے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
ہندوستان نے کی شرپسند عناصر کی خلاف کارروائی کی مانگ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS