سری نگر(یو این آئی): محکمہ موسمیات سری نگر نے جموں وکشمیر میں بھاری برف باری کی پیش گوئی کے پیش نظر ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے وادی کشمیر میں زمینی و فضائی ٹرانسپورٹ متاثر ہونے سے خبر دار کیا ہے۔
محکمے کی طرف سے جاری ایڈائزری میں کہا گیا ہے۔ ‘جموں و کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں 29 فروری کی شام سے مغربی ہوا کی ایک لہر داخل ہونے والی ہے جس کے زیر اثر جموں و کشمیر میں 29 فروری کی شام یا یکم مارچ کی صبح سے 3 مارچ کی دو پہر تک وسیع پیمانے پر درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں جس کا زیادہ اثر 2 مارچ کو رہے گا’۔
ایڈوائزری کے مطابق اس دوران صوبہ جموں کے پیر پنجال رینج میں بھاری برف باری یا بارشیں ہوں گی جبکہ وادی کشمیر کے اننت ناگ، پہلگام، کولگام، سنتھن پاس، پیر کی گلی، سونہ مرگ زوجیلا، بانڈی پورہ – راز دان پاس، گلمرگ اور کپوارہ سچنہ پاس پر بھاری برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ خراب موسمی صورتحال کے باعث وادی کشمیر میں فضائی و زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتا ہے اور سری نگر جموں قومی شاہراہ اور جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں کی بڑی سڑکیں بھی بند ہوسکتی ہیں۔
مزید پڑھیں: سنبھل سے سماجوادی پارٹی کے ایم پی شفیق الرحمان برق کا انتقال
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں نیز وادی میں مٹی کے تودے، چٹانیں کھسک آنے کے بھی امکانات ہیں۔
ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں تمام طرح کے آپریشنز بند رکھیں۔