وزیراعظم نریندر مودی نے آج امفان طوفان کی تباہی و بربادی کے بعد بنگال حکومت کی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیرا عظم مودی نے آج ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ”مصیبت کے اس وقت میں پورا ملک مغربی بنگال کے ساتھ کھڑا ہے،ہم سب ریاست کی عوام کے لئے دعا گو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ جلد سے جلد حالات معمول پر آجائیں گے، بنگال سے بڑے پیمانے پر تباہی کی خبریں آرہی ہیں۔یہ امتحان کی گھڑی ہے اور ہم سب مل کر اس کا مقابلہ کریں گے۔این ڈی آر ایف کی ٹیم طوفان سے متاثرہ علاقوں میں کام کررہی ہے اور سینئر افسران حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اس سے قبل وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت سے کہا کہ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں ہے،کورونا سے کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر اس طوفان نے تباہی مچائی ہے،ہزاروں کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔اس لئے سیاست سے اوپر ہوکر ریاست کی مدد کی جائے۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’سب کچھ برباد ہوچکا ہے، تمام ندیوں کے پشتے ٹوٹ چکے ہیں، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کتنے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاستی سیکریٹریٹ کا ایک بڑا حصہ ٹوٹ گیا ہے۔وزیرا علیٰ نے کہا ہے کہ کلکتہ میں عمر کا ایک بڑا حصہ گزرگیا ہے۔میں نے کبھی ایسی تباہی نہیں دیکھی ہے۔ مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میں نے اپنے کسی رشتہ دار کو کھو دیا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ اب تک 72 اموات ہوچکی ہیں۔ریاست میں متعدد پل منہدم ہوگئے ہیں۔ بہت سارے مکانات، دریا کے پشتے ٹوٹ چکے ہیں۔ بجلی کے کھمبے ٹوٹ گئے ہیں۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ 6ماہ قبل آئے’بلبل طوفان‘ کے بعد ہی ان ڈیموں کی مرمت کی گئی تھی، ندیوں کے ڈیموں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے منگل کو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو فون کرکے ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہای کرائی تھی۔