راجدھانی دہلی میں پھر شدید گرمی کا قہر

0

نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی میں ایک بار پھر شدید گرمی کا قہر شروع ہو گئی ہے اور لوٗ نے بھی لوگوں کو جھلسانا شروع کر دیا ہے۔ یہ صورت حال آنے والے دنوں میں بھی برقرار رہے گی۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق گرچہ دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت منگل کو 39.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیالیکن دہلی کے زیادہ تر علاقوں میں درجۂ حرارت40 ڈگری سیلسیس سے اوپر ریکارڈ کیا گیا۔ محکمۂ موسمیات نے بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے اوپر جانے کی پیش گوئی کی ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3 ڈگری سیلسیس زیادہ تھا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق بدھ کو بھی یہاں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔
دہلی کا درجہ حرارت منگل کی صبح سے ہی بڑھنا شروع ہو گیا تھا اور دن کے وقت ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے گرم ہوائیں جسم کو جھلسا دیںگی۔ شام کے وقت بھی گرمی میں کوئی خاص کمی نہیں ہوئی۔ محکمۂ موسمیات نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اس ہفتہ دہلی میں شدید گرمی پڑے گی۔ ان دنوں ہوا میں نمی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے شدید گرمی کا احساس ہے۔ محکمۂ موسمیات نے بھی گرمی کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 اور 15 مئی کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS