32 منٹ کی تقریر میں شاہ نے لیا 17 بار یوگی کا نام

0

لکھنٔو، (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کی ممبر شپ مہم کا آغاز کرنے آئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے تقریباً 32 منٹ کے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا 17 بار نام لیا اور ان کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یوگی حکومت نے سب سے بڑا کام کیا ہے تو وہ اتر پردیش کو مافیا سے آزاد کروانا ہے۔ ترقی کے سبھی معیارات پر اترپردیش میں کافی اصلاح کرنے کا کام یوگی آدتیہ ناتھ نے کیا ہے۔ یو پی کے نوجوانوں کو پڑھانے کا انتظام، نئی نسل تیار کرنے کا انتظام یوگی آدتیہ ناتھ نے کیا ہے۔
لکھنٔو کے ڈیفنس ایکسپو گراؤنڈ میں جمعہ کو مسٹر شاہ نے ’میرا پریوار، بی جے پی پریوار‘ مہم کی شروعات کی۔ اگرچہ اپنے خطاب میں اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے مسٹر شاہ نے سب سے زیادہ ذکر ایس پی صدر اکھیلیش یادو کا کیا۔ انہوں نے اترپردیش کی بدحالی کے لئے سابقہ حکومتوں کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے اکھیلیش پر طنز کرتے ہوئے انہیں تین بار اکھیلش بابو کہہ کر خطاب کیا۔
وہیں اب اترپردیش میں قانو ن و انتظام سمیت دیگر معاملوں میں حالات میں بہتری کے لئے یوگی حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں یوگی آدتیہ ناتھ نے جو حکومت چلائی، وہی حکومت یو پی کے غریبوں اور نوجوانوں، خواتین، دلتوں، پسماندہ اور قبائلیوں کے لئے چلی ہیں۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ تبدیلی صرف اور صرف بی جے پی ہی لا سکتی ہے۔ اتنی بڑی ریاست کے اندر ہر گھر کو بجلی پہنچانے کا کام مسٹر مودی نے کیا ہے۔ ہر غریب گھر میں بیت الخلا اور بجلی فراہم کرنے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ دسمبر 2022 سے پہلے 10 کروڑ لوگوں کو گھر فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، وہ بھی پورا ہو جائے گا۔ آج نریندر مودی اور یوگی حکومت ملک کے 60 کروڑ لوگوں کو پانچ لاکھ تک کی صحت کا پورا خرچ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا ’’اب ہر گھر میں نل سے پانی فراہم کرنے کا عہد لیا ہے، یوپی میں وہ اسکیم بھی تیز رفتاری سے چل رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ 2022 میں ایک بار پھر ہم 300 کو پار کرنے والے ہیں اور یوگی جی کی قیادت میں نل سے پانی کی اسکیم بھی یہاں ختم ہو کر رہے گی۔ بہت بڑی تبدیلی اترپردیش اور ریاست کے اندر نریندر مودی اور یوگی حکومت نےلانے کا کام کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS