ممبئی میں والدین نے منشیات خریدنے کے لیے دو بچوں کو 74 ہزار روپے میں فروخت کر دیا

0

مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں نشہ خریدنے کے لیے والدین نے اپنے دو بچے 74 ہزار روپے میں فروخت کر دیے ہیں۔

خبر ریساں ادارے اے این آئی کے مطابق ممبئی کرائم برانچ نے جمعے کو اندھیری کے علاقے میں میاں بیوی سمیت تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے منشیات خریدنے کے لیے اپنے بچے فروخت کیے ہیں۔ اس دوران پولیس نے ایک ماہ کی بچی کو بھی ریسکیو کیا ہے جبکہ دو سال کے بچے کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

کرائم برانچ نے شبیر اور ثانیہ خان نامی جوڑے اور شکیل مکرانی سمیت اُوشا راٹھور نامی ایجنٹ کو گرفتار کیا جس نے بچوں کی فروخت کے لیے کمیشن لیا تھا۔

ممبئی کرائم برانچ کے اہلکار دایا نائیک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اندھیری (ممبئی کا علاقہ) میں نشے کی لت کے شکار ایک جوڑے نے اپنے دو بچے نشہ خریدنے کی غرض سے فروخت کر دیے ہیں۔ جیسے ہی جوڑے کے گھر والوں کو اس بارے میں پتا چلا تو بات گھر سے باہر نکلی۔ پولیس نے والدین اور دو باقی ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزمان نے لڑکے کو 60 ہزار روپے اور ایک ماہ کی بچی کو 14 ہزار روپے میں فروخت کیا۔

کرائم برانچ نے مزید بتایا کہ یہ لوگ نشے کے بغیر نہیں رہ پا رہے تھے اور اسی دوران راٹھور نامی ملزمہ کا ان سے رابطہ ہوا۔ جن افراد کو میاں بیوی نے اپنا بیٹا فروخت کیا ہے اُن کی ابھی تک شناخت سامنے نہیں آ سکی جبکہ بیٹی کو انہوں نے 14 ہزار روپے میں شکیل مکرانی نامی شخص کو فروخت کیا ہے۔

مزید پڑھیں: قطر نے سابق نیوی اہلکاروں کی سزائے موت کے خلاف بھارتی اپیل منظور کرلی

جب اہم ملزم شبیر کی بہن روبینہ کو اس بارے میں علم ہوا تو انہوں نے ڈی این نگر پولیس سٹیشن میں اپنے بھائی اور بھابھی کے خلاف درخواست درج کروائی جس کے بعد یہ مقدمہ کرائم برانچ کے حوالے کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS