نئی دہلی: (یو این آئی) اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر امیدواروں کو نامزد کرنے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی انتخابی کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ آج یہاں منعقد ہو رہی ہے۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودیْ، بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر نتن گڈکری ورچوئل طورپر حصہ لے رہے ہیں۔ وزیر داخلہ امت شاہ، پارٹی تنظیم کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش، اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ، پارٹی الیکشن انچارج دھرمیندر پردھان، نائب وزرائے اعلیٰ دنیش شرما اور کیشو پرساد موریہ اور اتر پردیش کے تنظیمی سکریٹری سنیل بنسل سمیت الیکشن کمیٹی کے کئی ممبران براہ راست موجود ہیں۔
پہلے اور دوسرے مرحلے کے امیدواروں کے ناموں کا پینل آج ہونے والی مرکزی الیکشن کمیٹی کے سامنے رکھا گیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں مغربی اور برج خطہ کے دو مرحلوں سمیت تقریباً 150 سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں پر مہر لگائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اتحادی جماعتوں’ اپنا دل ‘اور’ نشاد پارٹی‘ کے ساتھ سیٹوں اور اسمبلی حلقوں کی تقسیم کے حوالے سے بھی معاہدہ کیا جا سکتا ہے۔
میٹنگ میں یہ بھی طے کیا جائے گا کہ قانون ساز کونسل کے ممبران یوگی آدتیہ ناتھ، مسٹر موریہ اور مسٹر شرما اس بار اسمبلی الیکشن لڑیں گے اور ان کے لیے کون سی سیٹ طے کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق یہ تقریباً طے ہے کہ مسٹر آدتیہ ناتھ ایودھیا سے الیکشن لڑیں گے۔
اس میٹنگ کے بعد ایک دو دن میں بی جے پی امیدواروں کے ناموں کی پہلی فہرست جاری کی جا سکتی ہے۔اس سے قبل منگل اور بدھ کو اتر پردیش انتخابات کی حکمت عملی اور امیدواروں کے انتخاب کے حوالے سے میراتھن میٹنگ ہوئی تھی۔ اپنا دل کی صدر انوپریہ پٹیل اور نشاد پارٹی کے صدر سنجے نشاد اور ان کے بیٹے پروین نشاد نے بدھ کی رات وزیر داخلہ مسٹر شاہ سے نشستوں کی تقسیم پر بات چیت کے لیے ملاقات کی۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS