نجی اسپتال سرکار کو کووِڈ مریضوں کی بر وقت اطلاع دینے کے پابند،جموں کشمیر سرکار کا اہم فیصلہ

    0

    سرینگر:صریرخالد،ایس این بی
    میڈیکل انسٹیثیوٹ صورہ سے چوری چھُپے فرار ہوکر مضافات کے ایک اسپتال میں مریضہ کے کووِڈ19- انفکشن کے بارے میں نہ بولکر انکی زچگی کرانے اور پھر اس وجہ سے اسپتال کے پورے عملہ کو قرنطینہ کردئے جانے کی ضرورت پیش آنے کے اگلے روز آج جموں کشمیر سرکار نے ایک اہم حکم نامہ جاری کیا ہے۔سرکار نے سبھی نجی اسپتالوں اور کلینکوں کو، انکے یہاں کووِڈ پازیٹیو پائے جانے والے مریضوں کے بارے میں فوری طور سرکار کو مطلع کرنے کا،پابند بنادیا ہے۔ان اسپتالوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی مریض کے بارے میں معلومات چھُپانا انکے خلاف کارروائی کئے جانے کی وجہ بن سکتا ہے۔
    ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ سرکار نے وبائی امراض کے قانون کی شق نمبر 2 کے تحت سرکار نے لیفٹننٹ گورنر کے حکم سے سبھی نجی اسپتالوں اور کلینکوں کو اس بات کا پابند بنایا ہے کہ وہ انکے یہاں کووِڈ پازیٹیو پائے جانے والے مریضوں کی بروقت سرکار کو اطلاع دیں۔ان نجی صحت مراکز کو کہا گیا ہے کہ وہ نہ صرف پازیٹیو آنے والے مریضوں بلکہ چھاتی کے انفکشن میں مبتلا یا کووِڈ19- کی ظاہری یا ریڈیالوجیکل علامات سے بنردآزما مریضوں کے بارے میں بھی ڈائریکٹر محکمۂ صحت یا متعلقہ چیف میڈیکل افسروں کے ذرئعہ سرکار کو مطلع کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو انڈٰن پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کا سامنا کرنے سے خبردار کیا گیا ہے۔
    سرکار کا یہ اہم فیصلہ ایسے میں سامنے آٰا ہے کہ جب بعض مریضوں کے کووِڈ پازیٹیو ہونے کے باوجود اس بارے میں چھُپا کر نجی اسپتالوں اور کلینکوں میں علاج کرانے کی شکایات مل رہی ہیں۔قابلِ ذکر ہے کہ پولس نے گذشتہ روز سرینگر کے پڑوسی ضلع گاندربل کے ایک خاندان کے خلاف تب دھوکہ دہی کا معاملہ درج کرلیا تھا کہ جب اس خاندان نے اپنی ایک کووِڈ پازیٹیو حاملہ مریضہ کو میڈیکل انسٹیچیوٹ صورہ سے چوری چھُپے نکالکر ایک مضافاتی اسپتال میں اسکی زچگی کرائی تھی۔حالانکہ مریضہ کووِڈ19-انفکشن کا شکار تھیں لیکن انکے لواحقین نے مضافاتی اسپتال میں مریضہ کی پُرانی کووِڈ نگیٹیو رپورٹ دکھا کر انکی زچگی کرائی تاہم ڈاکٹروں کو تب شک ہوا کہ جب مذکورہ خاندان کو نومولود بچے اور مریضہ کے قریب جانے سے ہچکچاتے پایا گیا۔بعدازاں پوچھ تاچھ کرنے پر راز کھل گیا اور اس اسپتال کے پورے عملہ کو قرنطینہ کیا گیا جبکہ پولس نے مذکورہ خاندان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا۔
    وادیٔ کشمیر میں کووِڈ19-کا انفکشن قابو ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے جبکہ اس بدترین بیماری کے بہانے مرنے والوں کی تعداد بھی متواتر بڑھتی جا رہی ہے۔جمعہ کی سہ پہر تک یہاں مزید 696 افراد کو کووِڈ19-کا شکار پایا گیا اور یوں یہاں کُل کووِڈ مریضوں کی تعداد 36 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS