آئی سی سی رینکنگ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی چھلانگ

0

ایشان کشن کیریئر کی بہترین رینکنگ میں، بھونیشور کمار اور چہل کی بھی بہتری
دبئی(یو این آئی) : ہندوستان کے کھلاڑیوں نے تیسرے ٹی 20 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 48 رنز سے جیت کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چھلانگ لگا دی ہے ۔
بدھ کو جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ایشان کشن نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے تین میچوں میں 164 رنز بنا کر 68 درجے کی بڑی چھلانگ لگا دی ہے ۔ ایشان 689 پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں ساتویں نمبر کے بلے باز بن گئے ہیں جو ان کے کیریئر کی بہترین ریٹنگ ہے ۔ادھرہندوستان کے ٹاپ گیندباز بھونیشور کمار کا نام آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں گیارہویں نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت بہترین ریٹنگ (635) کے ساتھ سات مقام کی چھلانگ لگائی ہے ۔
اس کے ساتھ ہی تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 20 رنز دے کر تین وکٹیں لے کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے یوزویندر چہل بھی 557 کی ریٹنگ کے ساتھ چار درجہ چھلانگ لگا کر 26 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ادھر آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون گیندباز بن گئے ۔، ہیزل ووڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین میچوں میں 9.50 کی اوسط سے چھ وکٹیں حاصل کیں۔
اس ہفتے کی درجہ بندی کے مطابق ہیزل ووڈ 792 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید 746 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ہیزل ووڈ کے ساتھی اور آسٹریلیا کے لیفٹ آرم اسپنر ایشٹن ایگر تین مقام کی چھلانگ لگا کر 640 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS