نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز بھگوان بدھ کے نظریات کو دنیا کو درپیش موجودہ چیلنجوں کا مستقل حل قرار دیتے ہوئے نوجوانوں سے ان کے خیالات سے وابستہ ہونے کی اپیل کی۔
وزیراعظم مودی نے بدھ پورنیما کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں پہلے عالمی آن لائن ’دھما چکر دوس تقریب‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’نوجوان کی تیز دماغی آج عالمی مسائل کا حل فراہم کررہی ہے۔ میں اپنے نوجوانوں سے بھگوان بدھ کے خیالات سے مربوط ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔ وہ آپ کی حوصلہ افزائی کریں گے اور آپ کو آگے کا راستہ دکھائیں گے۔ آج دنیا کو بہت سارے غیر معمولی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ بھگوان بدھ کے اصولوں میں ان کے مستقل حل مل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھگوان بدھ کے اصول کل بھی اہم تھے، آج بھی قابل احترام ہیں اور کل بھی رہیں گے۔ ان کے نظریات و خیالات کافی سارے معاشروں اور ممالک کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ یہ ہمدردی اور رحم کی اہمیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان کی تعلیمات، فکر و عمل کی سادگی کو اہمیت دیتی ہیں۔ بدھ مذہب احترام کا درس دیتا ہے- عام لوگوں، غریبوں، خواتین، امن اور عدم تشدد کے احترام کا ایک سبق۔