حیدرآباد میں بارش، کئی ہزار خاندان متاثر۔جمعیتہ العلما اور جماعت اسلامی کے راحت کام

    0

    تلنگانہ کے دارالحکومت حیدر آباد میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل بارش کی وجہ سے کئی ہزار خاندان سیلاب کی صورتحال سے دوچار ہیں، شہر کے نواحی علاقوں کے کئی مکانات میں 5تا6/ فٹ پانی داخل ہوگیا جس سے گھریلوسامان مکمل تباہ ہوچکا ہے اور جن علاقوں میں بارش پانی داخل ہوا ہے ا،وہاں کے لوگوں کی زندگی بھر کی محنت کی پونجی پانی کی نذر ہوگئی ہے، جو کچھ جمع کیا تھا وہ ختم ہوچکا ہے،بیٹیوں کی شادیوں کے لئے رکھا سامان بھی بارش کی نذر ہوگیا۔ اس وقت شہر حیدرآباد شدید ترین تکلیف دہ حالات سے گزررہا ہے۔117 سال کے بعد شہر حیدرآباد پر یہ دوسری قیامت صغری برپاہوئی ہیں۔مختلف تنظیموں جماعت اسلامی کے ساتھ ساتھ جمعیتہ العلما اور دیگر تنظیمیں راحت کاموں میں مصروف ہوگئی ہیں۔ مولانا حافظ پیر شبیر احمدصدر جمعیتہ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش کی زیر نگرانی ریاستی جمعیتہ علماء اور سٹی جمعیتہ علماء کی ٹیم راحت رسانی اور ریلیف کے کاموں میں مصروف ہے۔ جولوگ پانی میں محصور ہیں ان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کام کیاجارہا ہے۔ اب بھی شہر کے بارش سے متاثرہ علاقہ الجبیل کالونی، فلک نما،چندرائن گٹہ،بنڈلہ گوڑہ، اسماعیل نگر، شاہین نگر، حافظ بابا نگر، بالاپور، گلشن اقبال کالونی، پھول باغ، نصیب نگر، ٹولی چوکی، ندیم کالونی،محمدی لائن، عنبر پیٹ، کاچی گوڑہ، رامنتاپور، پریم نگر، بابونگر، پٹیل نگر، یوسف گوڑہ کے علاوہ شہر کے متاثرہ علاقوں کے اطراف واکناف میں ریاستی جمعیتہ علماء اور سٹی جمعیتہ علماء کی ٹیم لوگوں کی راحت رسانی کے لئے بڑے پیمانے پر سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں۔اور اب تک تقریبا 30,000  سے زائد لوگوں میں کھانے کے پیکٹس،   منرل واٹر، دوائیاں، دودھ، موم بتی اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی گئی ہیں۔ مفتی عبد المغنی مظاہری صدر جمعیتہ علماء گیر یٹرحیدر آباد، مولانا محمد مصدق القاسمی جنرل سکریٹری  جمعیتہ علماء گیر یٹرحیدر آباد اور ان کی ٹیم ریلیف کے کاموں میں مصروف ہے۔ اسی طرح تلنگانہ کے اضلاع نلگنڈہ، میدک کے منڈلوں اور تعلقہ جات میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں بھی وہاں کے جمعیتہ علماء کے ذمہ داران مولانا سید احسان الدین قاسمی صدر جمعیتہ علماء ضلع نلگنڈہ مولانا محمد اکبرالدین جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء ضلع نلگنڈہ ریلیف وراحت کے کاموں میں مصروف ہیں۔ ریاستی جمعیتہ علماء اور سٹی جمعیتہ علماء نے ایک ٹیم کو تشکیل دیا ہے۔یہ ٹیم بارش سے لوگوں کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے گی تاکہ پانی کی نکاسی کے بعد گھروں کی ضروری اشیاء سازوں سامان کا انتظام کیاجاسکے۔ ریاستی جمعیتہ علماء اور سٹی جمعیتہ علماء ضلع نلگنڈہ اور دیگر اضلاع کے جمعیتہ علماء کے کار کنان شروع دن سے  بارش سے متاثر علاقوں میں بلا تقریب مذہب وملت دن رات  خدمت انجام دے رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ہند حیدرآباد اور ایس آئی او کی جانب سے بھی بچاؤ،راحت کاری اور امدادی کام شہر کے مختلف علاقوں میں تیزی کے ساتھ ا نجام دئیے جارہے ہیں۔ ناظم شہر حافظ محمدرشاد الدین نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند حیدرآباد کی جانب سے ذیلی تنظیموں ایس آئی او،پی ایس ایف،ڈیر   کے تعاون و اشتراک سے راحت کام انجام دیئے جارہے ہیں۔18، اکتوبر کی صبح 3بجے سے ہی جی ایم ایس فنکشن ہال بابانگر پر ریلیف کیمپ لگایاجاچکاہے اور یہاں سے امدادی کاموں کی نگرانی کی جارہی ہے۔کئی ایک ٹیمیں مختلف کام انجام دے رہی ہیں۔ذمہ داران جماعت، جناب اعظم علی بیگ،جناب محمد اسحق،جناب سید عبدالقادر ناصر، جناب عبد الماجد ذاکر، جناب محمد منیر الدین  ودیگر کے علاوہ ایس آئی او کے نوجوان دن رات انتھک محنت کرتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے علاوہ انکی بنیادی ضروریات کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ بابانگر،عمر کالونی،گلشن اقبال کالونی،نصیب نگر کے علاوہ یاقوت پورہ اور ملک پیٹ کے علاقوں میں بھی ناشتہ،دوپہر اور رات کا کھانا فراہم کیا گیا۔ناظم شہر نے کہا کہ فلک نما،غازی ملت کالونی،الجبیل کالونی،اور ہاشم آباد کے علاوہ شہر کے دیگر شدیدمتاثرہ علاقوں سرور نگر،شیخ پیٹ ٹولی چوکی کے رہایشیوں کو بھی ریلیف پہنچائی جارہی ہے۔اسکے علاوہ مختلف علاقوں میں جماعت کی مقامی یونٹس کی جانب سے حتی المقدور دواؤں،غذائی اجناس اور امداد پہنچانے کا کام جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں کا سروے کیا جارہاہے بعد ازاں تین ہزار مستحق خاندانوں تک برتن،بلانکٹس،اناج پر مشتمل لائف کٹ (فی کٹ چار ہزار روپئے) پہنچانے کا پروگرام ہے۔ناظم شہر نے ریاستی اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے نقصان کی پابجائی کرے اور راحت کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے متاثرین کی جلد امداد کرے۔ اس موقع پر انہوں نے صاحب ثروت حضرات و خواتین سے انسانی جذبہ کے تحت آگے آنے اور امدادی کاموں میں تعاون کی درخواست کی ہے۔مزید تفصیلات کے لئے ان موبائل نمبرات   8712313740  یا    9246504179  کے علاوہ جماعت اسلامی ہند کے مقامی دفاتر پر بھی ربط کیا جاسکتا ہے۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS