ہیٹ اسٹروک سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟

0

ملک کے اکثر علاقوں میں ان دنوں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور ہیٹ ویو کے حوالے سے بھی خبردار کیا جارہا ہے۔ہیٹ ویو کے دوران انسان ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوسکتا ہے لیکن اس حوالے سے زیادہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آسان احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ ممکن ہے۔لیکن ہیٹ اسٹروک کے علاج میں زیادہ تاخیر کی صورت میں موت کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔جسم کا درجہ حرارت40.6 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہونے کی صورت میں اسے ہیٹ اسٹروک بیان کیا جاسکتا ہے تاہم مطالعات سے معلوم ہوتا ہے کہ آسان احتیاطی تدابیر اپنا کر ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکتا ہے۔جلد تشخیص اور کسی بھی طرح سے جسم کے درجہ حرارت میں کمی سے اموات کے امکانات کو کم کیا جاسکتا ہے۔ماہرین کے مطابق چھوٹے بچے، بوڑھے افراد، کھلاڑی اور باہر کام کاج کرنے والے افراد کو ہیٹ اسٹروک کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔

ہیٹ اسٹروک کی علامات:عام طور پر ہیٹ اسٹروک کے شکار افراد کو بہت زیادہ پسینہ آتا ہے یا شدید گرمی میں جِلد سرخ یا خشک ہو جاتی ہے لیکن پسینہ نہیں آتا۔اس کے علاوہ کمزوری، سستی، سر درد، چکر آنا اور دھندلا پن ہیٹ اسٹروک کی علامات ہیں۔
ہیٹ اسٹروک سے کیسے بچا جائے؟:دن کے گرم ترین وقت میں باہر جانے سے گریزکریں، ممکن ہو تو سخت کاموں اور ورزش وغیرہ سے پرہیز کر کے ہیٹ اسٹروک سے بچا جاسکتا ہے۔

براہ راست سورج کی روشنی میں کم سے کم نکلنا اور اچھی مقدار میں پانی پینے سے بھی ہیٹ اسٹروک کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ باہر نکلنے کی صورت میں سائے میں رہنے کی کوشش کرنی چاہیے۔بیمار افراد کو کیفین اور چینی کی موجودگی والی سافٹ ڈرنکس یا چائے وغیرہ استعمال نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ جسم میں پانی کی کمی کو بڑھا سکتی ہیں۔

شدید گرم موسم میں نمکین غذاؤں اور چھتری کا استعمال، سر کو ڈھکنا، ہلکے رنگ کے کپڑے پہننا اور نہانا بھی بہت فائدہ مند ہے۔اگر گرمی کی لہر کے دوران آپ کو چکر آنے، کمزوری، بے چینی یا شدید پیاس اور سر درد محسوس ہو تو ایسے میں جلد از جلد کسی ٹھنڈی جگہ پر جا کر ٹھہر جانا چاہیے۔

نوٹ: یہ معلومات طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہیں، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔ll

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS