کب تک آرایس ایس اور بی جے پی عوام کوگمراہ کرےںگی: راہل گاندھی

0

بیلاری، (ایجنسیاں) :کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی نے گلوبل ہنگر انڈیکس2022 میں ہندوستان کی سنگین حالت کو لے کر وزیراعظم مودی پر سخت حملہ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرکے لکھاکہ بھوک اور غذائیت کی کمی میں 121 ممالک میں 107 ویں نمبر پر ہے۔ اب وزیر اعظم اور ان کے وزراکہیں گے کہ ہندوستان میں بھکمری نہیں بڑھ رہی ہے، بلکہ دوسرے ممالک میں لوگوں کو بھوک ہی نہیں لگ رہی ہے۔راہل گاندھی نے آگے لکھا کہ آر ایس ایس-بی جے پی کب تک اصلیت سے عوام کو گمراہ کرکے ہندوستان کو کمزور کرنے کا کام کرےںگی؟ راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے، پی چدمبرم اور دیگر کانگریس لیڈروں نے بھی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے صدارتی امیدوار ملکارجن کھڑگے نے سوال کیا کہ مودی جی، کیا کوئی اور بہانہ بچ گیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ بھوک انڈیکس میں ہندوستان پھر نیچے کی طرف پھسل گیا۔جن حقائق کی وجہ سے یہ حالت پیداہوئی ہے، بی جے پی انہیں چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ۔دوسری طرف کرناٹک کے بیلاری میں کانگریس کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ کے دوران ایک حادثہ پیش آیا۔ پد یاترا میں شامل چار کارکن بجلی کے کرنٹ سے جھلس گئے۔ تمام کارکنوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پد یاترا اتوار کی صبح بیلاری سے شروع ہوئی تھی۔ پدیاترا میں شامل کچھ کارکنان نے پارٹی کا جھنڈا اور لوہے کی سلاخیں اٹھا رکھی تھیں۔ جیسے ہی لوہے کی سلاخ بجلی کے تار سے ٹکرائی، انہیں کرنٹ کا جھٹکا لگ گیا۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا کے مطابق موقع پر موجود ایمبولینس کے ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج کیا۔ اس کے بعد زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پد یاترا کے درمیان راہل گاندھی زخمی کارکنوں سے ملنے اسپتال پہنچے اور ان کی حالت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی۔ کانگریس پارٹی کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ 7 ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوئی، 3750 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہوئی سری نگر، جموں و کشمیر میں ختم ہوگی۔
اس دوران پد یاترا 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے گزرے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS