نئی دہلی، (یو این آئی) 40 سے زائد آرڈیننس فیکٹریوں کو سات سرکاری ملکیتی دفاعی کمپنیوں میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ یہ ملک کو دفاعی مینوفیکچرنگ کا مرکز بنانے کے عزم کو حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔وزارت دفاع کی جانب سے سات نئی دفاعی کمپنیوں کو قوم کے لیے وقف کرنے کے لیے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وجے دشمی کے موقع پر مسٹر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے کام کرنے میں خود مختاری اور کارکردگی کو بڑھانے اور ترقی اور انوویشن کے نئے امکانات کو تشکیل دینے کی کوششیں کی ہیں۔ اس کے لیے آرڈیننس فیکٹریوں کو سات ایسی سرکاری کمپنیوں میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو دفاعی شعبے میں خودکفالت میں اضافہ کریں گی اور ملک کی دفاعی تیاریوں کو مضبوط بنائیں گی۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ یہ فیصلہ خود کفیل ہندوستان کے ہدف کے حصول کے لیے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں یہ نئی کمپنیاں نہ صرف دفاعی مینوفیکچرنگ ماحولیاتی نظام میں اہم کردار ادا کریں گی بلکہ ہندوستانی معیشت کی ترقی کا انجن بھی ثابت ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اگر ضرورت پڑی تو حکومت ان نئی کمپنیوں کو ابتدائی طور پر مالی مدد بھی فراہم کرے گی اور دیگر معاملوں میں بھی ان کی مدد کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ آرڈیننس فیکٹریوں کے تمام ملازمین کو ان سات کمپنیوں میں دو سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر رکھا جائے گا اور مرکزی حکومت کے ملازمین کی حیثیت سے ان کی سروس کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
مسٹر راج ناتھ سنگھ نے بتایاکہ دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں خود کفیل بننے کے لیے مصنوعات اور پرزوں کی پیداوار ضروری ہے اور حکومت نجی شعبے کے تعاون سے اس کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت دفاع نے سال 2024 تک ایرو اسپیس اور دفاعی سازوسامان اور خدمات کے شعبوں میں 1.75 لاکھ کروڑ روپے کا ٹرن اوور حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جس میں 35،000 کروڑ روپے کا برآمدی ہدف شامل ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اس پروگرام میں موجود لوگوں سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ اور ڈیفنس انڈسٹری ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔
سات نئی دفاعی کمپنیاں جو تشکیل دی گئی ہیں وہ ہیں میونیشن انڈیا لمیٹڈ (ایم آئی ایل) ، آرمرڈ وہیکلز کارپوریشن لمیٹڈ (اے وی این آئی)، ایڈوانسڈ ویپنس اینڈ اکیوپمنٹ انڈیا لمٹیڈ (اے ڈبلیو ای انڈیا)، ٹروپ کمفرٹس لمٹیڈ (ٹی سی ایل)، ینتر انڈیا لمٹیڈ (وائی آئی ایل)، انڈیا آپٹیل لمٹیڈ (آئی او ایل) اور گلائڈرس انڈیا لمٹیڈ (جی آئی ایل) شامل ہیں۔
سات دفاعی کمپنیاں بنانے کا تاریخی فیصلہ: راج ناتھ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS