کرناٹک کے وزیراعلیٰ بومئی کو امن اور معمول کی صورتحال کی بحالی کا یقین

0

ہبلی، (پی ٹی آئی) : کرناٹک کے وزیراعلیٰ بسوراج بومئی نے ریاست بھر میں 10ویں کلاس تک کے ہائی اسکولوں کے پھر سے کھلنے سے ایک دن قبل اتوار کو اعتماد ظاہر کیا کہ امن اور معمول کی صورتحال بحال ہوگی۔ ریاست میں حجاب کو لے کر جاری تنازع کے سبب ان اسکولوں کو بند کر دیا گیا تھا۔ بومئی نے کہا کہ پری یونیورسٹی اور ڈگری کالجوں کو پھر سے کھولنے کے سلسلے میں فیصلہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’10 ویں کلاس تک کے ہائی اسکول کل پھر سے کھلیں گے، سبھی اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ، پولیس سپرنٹنڈنٹ اور عوامی ہدایات کے ڈپٹی ڈائرکٹر کو دوستانہ ماحول بنائے رکھنے کے مقصد سے اہم اسکولوں میں سرپرستوں اور اساتذہ کی امن میٹنگیں بلانے کیلئے کہا گیا ہے۔ مجھے اعتماد ہے کہ اسکولوں میں پرامن طریقے سے کام ہوگا۔‘ یہاں صحافیوں سے بات چیت میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے پری یونیورسٹی اور ڈگری کالجوں کو پھر سے کھولنے کے سلسلے میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیرتعلیم سے ایک رپورٹ سونپنے کو کہا ہے، جس کی بنیاد پر ایک میٹنگ کی جائے گی اور فیصلہ لیا جائے گا۔
سرکار نے جمعہ کو کہا تھا کہ حجاب تنازع کے مدنظر محکمہ برائے اعلیٰ تعلیم سے ملحق یونیورسٹیوں اور کالجوں میں 16 فروری تک چھٹی کا اعلان کیا جاتا ہے۔ حجاب تنازع کے پیچھے کچھ تنظیموں اور غیر ملکی طاقتوں کا ہاتھ ہونے کی خبروں پر بومئی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’ہمارے جانچ حکام نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایسی خبروں پر نوٹس لیا ہے، وہ اپنی طرف سے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔ میرا پہلا فرض ہے کہ اسکول اور کالج معمول کے مطابق کام کریں اور طلبا پرامن اور دوستانہ ماحول میں پڑھیں اور امتحانات کی تیاری کریں جس کے مارچ، اپریل تک ہونے کا امکان ہے۔‘ کرناٹک کے الگ الگ حصوں میں حجاب کے خلاف اور حمایت میں مظاہرے تیز ہونے پر سرکار نے 9 فروری سے ریاست میں سبھی ہائی اسکولوں اور کالجوں کیلئے 3 دن کی چھٹی کا اعلان کیا تھا۔ عدالت کے حکم پر سرکار نے 10 فروری کو 10 ویں کلاس تک کے طلبا کیلئے 14 فروری سے اسکولوں کو پھر سے کھولنے کا فیصلہ لیا تھا۔ بومئی نے کہا کہ ریاست کی مجموعی ترقی کا ان کا منصوبہ ہے۔ ان کے پاس محکمہ خزانہ کا بھی چارج ہے اور وہ اگلے ماہ اپنا پہلا بجٹ پیش کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’گزشتہ 2 برسوں میں کووڈ کے سبب آنے والی مندی کے بعد پچھلے 4-5 مہینوں سے حالات بہتر ہو رہے ہیں، ریونیو کلیکشن میں بہتری آئی ہے۔ بجٹ اقتصادی ترقی، عوامی بہبود اور مالیاتی ڈسپلن پر مرکوز ہوگا۔ ہمیں معیشت کو بڑھاوا دینا ہوگا، ساتھ ہی کمزور طبقات اور کام کاجی طبقہ کو ترجیح دینی ہوگی۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS