غزہ: اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر وسام الطویل کو شہید کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساتھ لبنان میں بھی حملے شروع کردیے۔جنوبی لبنان میں تازہ کارروائی میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر وسام الطویل فضائی حملے میں شہید ہوگئے۔
وسام الطویل حزب اللہ کے مزاحمتی یونٹ کے نائب سربراہ تھے، اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کمانڈر کو جنوبی لبنان کے قصبے میں گاڑی میں سفر کے دوران نشانہ بنایا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حزب اللہ کمانڈر ایک ساتھی کے ساتھ شہید ہوئے۔واقعہ پر اسرائیل کی جانب سے اب تک کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ حزب اللہ نے گزشتہ روز اسرائیلی ائیر بیس پر 62 راکٹ داغے تھے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے 130 سے زیادہ جنگجو شہید ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی غزہ کے رہائشی علاقوں اور اسپتالوں پر بمباری جاری ہے جبکہ حماس کے 30 ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: مسلمان نیوز اینکر مہدی حسن نے لائیو شو کے دوران چینل کو خیرباد کہہ دیا
غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے مزید 70 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں فلسطینی شہدا کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔یونیسیف کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ میں ہر روز 10 سے زیادہ بچے معذور ہو رہے ہیں۔