ترال میں بھاری برف باری کے باعث 3رہائشی مکانوں کو نقصان، درخت جڑ سے اکھڑ گئے

    0

    سری نگر : (یو این آئی) جنوبی ضلع پلوامہ کے سب ضلع ترال میں بھاری برف باری کے باعث 3 رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ لاری یار گاوں میں اخروٹ کے دو درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ بتادیں کہ ترال کے دور افتادہ علاقوں میں دو سے ڈھائی فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی اور یہ رپورٹ فائل کرنے تک برف و باراں کا سلسلہ جاری تھا۔ یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ ترال کے پاری بل میں مشتاق احمد شیخ ولد حبیب ﷲشیخ ، ہر دور میں حاجی نذیر احمد اور ہاری پاری گام میں غلام محمد گنائی کے تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس دوران کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ لاری یار ترال میں اخروٹ کے دو درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں۔
    نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ترال کے دور اافتادہ علاقوں میں بھاری برف باری ہو رہی ہے جبکہ اہم رابط سڑکوں سے برف نہ ہٹانے کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کررہ گئے ہیں۔
    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ شاہراوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے جبکہ بجلی سپلائی کو یقینی بنانے کی خاطر بھی کوششیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاری بل ترال میں رہائشی مکان کو جزوی نقصان پہنچا ہے اور یہ کہ نقصان کا تخمینہ لگانے کی خاطر محکمہ مال کی ایک ٹیم کو جائے موقع کی اور روانہ کیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS