ایمس کی ڈاکٹر اوما کمار کو نیشنل ایوارڈ دینے کا فیصلہ

0

نئی دہلی: حکومت نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کی ڈاکٹر اوما کمار کو میڈیا کے ذریعہ ارتھرائٹس کے بارے میں عوام میں بیداری پھیلانے کے لئے دو لاکھ روپے کا نیشنل ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایمس میں شعبہ ریموٹالوجی کی صدر اور عالمی ادارہ صحت کی فیلو رہی پروفیسر اوما کمار کو یہ ایوارڈ 28 فروری کو وگیان بھون میں نیشنل سائنس ڈے کے موقع پر دیا جائے گا۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت نے ڈاکٹر کمار کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ اس بیماری کے بارے میں لوگوں کو بتانے انہیں آگاہ کرنے کے لئے ان کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ایوارڈ میں دو لاکھ روپے کے علاوہ توصیفی سند اور مومنٹوشامل ہے۔ ڈاکٹرکمار گزشتہ چند برسوں سے اس بیماری کی روک تھام کے لئے لیہہ لداخ اور کارگل میں  کیمپ لگاتی رہی ہیں، اور دہلی کے اسکولوں میں بھی جاکر بچوں میں بیدار مہم چلاتی رہتی ہیں۔ انہوں نے محروم طبقات اور غریب عورتوں کو بھی اس مرض کے بارے میں بتایا ہے۔ اس کے علاوہ اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے دور دراز گاؤں میں بھی اپنے کیمپ لگاتی رہی ہیں۔ انہیں’اٹل سواستھیہ  بھوشن سمان‘کے علاوہ کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈ بھی مل چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS