بیت الخلا کے ٹینک میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد کی موت

0

خالد حسین
نوح؍میوات (ایس این بی) : ضلع میوات کے پنہانہ سب ڈویژن کے گاؤں بچھور میں بیت الخلاء کے ٹینک میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد کی موت ہو گئی۔ جیسے ہی اس دردناک حادثے کی خبر گاؤں والوں تک پہنچی، پورے گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ تینوں مرنے والوں کی شناخت سلامو وسراجو ولد دین محمد اور ایک معصوم بچہ عارض ولد سراجو کے طور پر ہوئی ہے۔ ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت سے پورے گاؤں میں غم کا ماحول ہے۔ اس کے ساتھ ہی متاثرین کے اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔اطلاع کے مطابق عارض آج صبح تقریباً 6 بجے اپنے گھر میں کھیل رہا تھا اسی دوران اچانک ٹوائلٹ کے اوپر رکھا پتھر ٹوٹ گیا اور معصوم بچہ اس میں گر گیا۔ اس کے بعد اس کے والد سراجو نے بچے کو بچانے کے لیے گڑھے میں چھلانگ لگا دی لیکن وہ بھی گڑھے سے باہر نہ نکل سکا جس کے بعد سراجو کا بڑا بھائی سلامو بھی اسے بچانے کے لیے گڑھے کے اندر اتر گیا۔ لیکن وہ بھی گڑھے میں زیادہ گندگی کی وجہ سے گڑھے سے باہر نہ نکل سکا۔ اسی دوران جب وہ اندر رہے تو گھر والوں نے آس پاس کے لوگوں کی مدد لے کر تینوں کو باہر نکالا۔ لیکن جب تک تینوں کو باہر نکالا گیا، اس وقت تک ان کی موت ہو چکی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ اور گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ وہیں بتایا جا رہا ہے کہ ابھی 2 روزقبل ہی گھر سے 2 بہنوں کی شادی ہوئی تھی۔ اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔ اس حادثے نے اہل خانہ سمیت سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS