قاہرہ (یو این آئی): لبنان میں حماس کے ترجمان اسامہ ہمدان نے عرب اور مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی سرزمین سے ناکہ بندی ہٹانے کے لیے سرکاری وفود غزہ بھیجیں۔ یہ اطلاع اسپوتنک نیوز ایجنسی نے پیر کو دی۔ ہمدان نے اتوار کو بیروت میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عرب اور مسلم ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ کی پٹی کا دورہ کرنے کے لیے سرکاری اور مقبول وفود بھیجیں تاکہ ناکہ بندی ختم کی جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ حماس نے 7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے خلاف بڑے پیمانے پر راکٹ حملہ کیا تھا۔ جس کے بعد، اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کرتے ہوئے، پانی، خوراک اور ایندھن کی سپلائی بند کر دی۔ 27 اکتوبر کو اسرائیل نے حماس کو ختم کرنے اور یرغمالیوں کو آزاد کرانے کے لیے غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی شروع کی تھی۔
مزید پڑھیں: نوجوان لڑکیوں میں شادی نہ کرنے کا رجحان کیوں پنپ رہا ہے ؟
گزشتہ ہفتے، قطر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی اور کچھ قیدیوں اور یرغمالیوں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی ترسیل کے لیے ایک معاہدے کی ثالثی کی تھی۔ اس جنگ بندی میں کئی بار توسیع کی گئی لیکن جمعہ کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف دوبارہ لڑائی شروع کردی اورالزام لگایا کہ حماس نے اسرائیلی سرزمین پر فائرنگ کر کے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔