حج 2022 :دہلی کے عازمین کی قرعہ اندازی، 835 نام منتخب

0

نئی دہلی (اےس اےن بی) :دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل میں قرعہ اندازی برائے حج 2022 کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس قرعہ اندازی کے ذریعہ دہلی کے 835 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا۔ اس موقع پر چیئرمین نے منتخب عازمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ اللہ کا شکر ہے دو سال کے انتظار کے بعد ہندوستانی عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے حرمین شریفین میں حاضری کی سعادت حاصل ہوگی۔ انہوں نے ساتھ ہی اہل وطن کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کا نام قرعہ اندازی میں آیا ہے ان کے لیے یہ خدا کی طرف سے عید کا تحفہ ہے اور ان کی خوشی دوبالا ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی کے تعاون سے ہم عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرائیں گے۔ وہی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگز یکٹوآ فیسر جاوید عالم خان نے تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ دہلی کو کل ملا کر 835 سیٹوں کا کوٹہ ملا ہے۔ جس کی قرعہ اندازی آج کر لی گئی ہے اور منتخب عازمین کی لسٹ جاری کی جا چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان عازمین حج کو جلدہی ٹریننگ دی جائے گی اور اس کے لیے ہمارے 13 ڈسٹرکٹ ٹرینر عازمین کو تربیت دیں گے۔ تمام عازمین کے لیے اس ٹرینگ کا حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں حاجیوں کی دیکھ بھال کے لیے 5 خادم الحجاج بھی بھیجیں جائیں گے جو وہاں دہلی کے عازمین حج کی مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مزید سیٹوں کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا کو مکتوب بھیجا ہے۔ اگر بعد میں دہلی کو کچھ اور سیٹیں مل جاتی ہیں تو اس کے لیے ایک خادم الحجاج ویٹنگ لسٹ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ 31 مئی 2022 سے فلائٹ شروع ہونے کی امید ہے۔ فلائٹ کی تاریخ حاصل ہوتے ہی ہم دہلی کے تمام عازمین حج کو مطلع کریں گے۔اس قرعہ اندازی کی تقریب کی صدارت دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیرمین مختار احمد نے کی ، اس تقریب میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ممبران عبدالواجد خان، ڈاکٹر سید شاداب حسین رضوی اشرفی ،ایگزیکٹو آفیسر جاوید عالم خان و ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی موجود تھے۔ سابقہ برسوں کی طرح یہ قرعہ اندازی بھی آن لائن تھی اور چیئرمین و ممبران نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر آن لائن قرعہ اندازی کی شروعات کی۔اس موقع پر ممبر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی عبدالواحد خان نے عازمین حج کومبارکباد دی اور کہا کہ عازمین حج کی کسی بھی پریشانی کو دور کرنے کے لیے میں حاضر ہوں۔ ڈاکٹر سید شاداب حسین رضوی اشرفی نے بھی منتخب عازمین حج کومبارکباد دی اور عازمین حج سے کہا کہ جب حرمین شریفین پر حاضری ہو تب پوری امت مسلمہ اور ہندوستان میں امن وسکون وترقی کے لیے دعا کریں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS