حیدرعلی،شاداب خان،حارث رؤف کا کورونا ٹیسٹ مثبت

0

لاہور :پاکستانی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے دورے سے قبل اس وقت ایک زبردست جھٹکا لگا جب اس کے تین کھلاڑی حیدرعلی،شاداب خان،حارث رؤف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے مطابق دورہ انگلینڈ سے قبل اسکریننگ کے دوران کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اتوار کے روز ٹیسٹ کیے جانے سے قبل تک کھلاڑیوں میں کوئی علامات موجود نہیں تھیں۔ تینوں کھلاڑیوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور پی سی بی کا میڈیکل پینل کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
پاکستانی کرکٹ بورڈ کے مطابق راولپنڈی میں عثمان شنواری اور عماد وسیم کے ٹیسٹ بھی لیے گئے تھے جو منفی رہے۔دونوں کرکٹرز 24 جون کو لاہور میں رپورٹ کریں گے۔ پاکستانی  کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے ٹیسٹ لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے تھے۔
دوسری جانب پیر کو شان مسعود، سرفراز احمد، اسد شفیق اور فواد عالم کی ٹیسٹنگ کراچی میں ہوئی، ٹیسٹ دینے والوں میں سہیل خان اور بیٹنگ کوچ یونس خان بھی شامل تھے۔کپتان اظہر علی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں اور آفیشلز کی ٹیسٹنگ لاہور میں ہوئی۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے اینٹی باڈی ٹیسٹ بھی لئے گئے ہیں، کرکٹرز اور مینجمنٹ کے اراکین کی دوسری ٹیسٹنگ 25 جون کو لاہور میں ہو گی، شعیب ملک کا اسکواڈ کے ساتھ کوویڈ 19 ٹیسٹ نہیں ہوا، اُن کا ٹیسٹ بعد میں لیا جائے گا۔شعیب ملک اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ دبئی میں وقت گذارینگے۔
واضح رہے کہ پاکستانی اسکواڈ انگلینڈ روانگی سے قبل 24 جون کو لاہور میں اکٹھا ہو گا جہاں یہ فائیو اسٹار ہوٹل کے ایک بائیو سیکور فلور پر قیام کرے گا اور اس کے بعد یہ 28 جون کی صبح 80 نشستوں والے خصوصی جہاز سے مانچسٹر کیلئے روانہ ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS