دیوبند (ایس این بی)
بنگلور کی این ٹی ٹیریرسٹ سیل اور این آئی اے نے گزشتہ کل کیرل کے تروندرم پورم ایئرپورٹ سے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ ریاض میں ان کے خلاف لک آئوٹ نوٹس جاری کرتے ہوئے یہاں لایا گیا تھا ، گرفتار کئے گئے نوجوانوں میں سے ایک سہارنپور کے دیوبند علاقہ کے گائوں پھلاس اکبر پور کا رہنے والا گل نواز ہے ۔ اس کا نام حوالہ کاروبار میں سامنے آیا تھا ، اس کے بعد این آئی اے نے لک آئوٹ نوٹس جاری کیا تھا، گرفتار کئے گئے نوجوانوں میں سے ایک کنّور کے پپن سنری کا رہنے والا شعیب ہے ۔ گل نواز کی گرفتاری کی خبر کے بعد میڈیا کے لوگو ں نے جب گل نواز کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے گفتگو کی تو اس کے والد واسم نے اپنے بیٹے کو بے قصور بتایا ۔ پھلاس اکبر پور کے باشندہ واسم کے تین بیٹے ہیں، ان میں سب سے چھوٹا بیٹا گل نواز گزشتہ کچھ سالوںمیں دویاتین مرتبہ سعودیہ عرب ملازمت کی تلاش میں گیاتھا، جہاں اُسے ویلڈنگ کرنے کا کام مل گیاتھا، لیکن تین سال قبل جب وہ اپنے گھر سے دوبارہ سعودی عرب گیا تو اُس نے وہاں ٹیکسی چلانے کا کام شروع کردیا۔ گائوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ گل نواز کئی سالوں سے سعودیہ عرب میں ملازمت ضرور کررہاتھا لیکن اس کی آمدنی اتنی نہیں تھی کہ وہ اپنے گھریلو حالات کو خوشحال بنادیتا۔گائوں کے لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ انھیں تقریباً 2؍سال قبل یہ معلوم ہواتھا کہ گل نواز کو سعودی عرب کے ریاض شہر میں پیسوں کے لین دین کے معاملہ میں پولیس نے گرفتار کرلیا اور اب جب اس کی سزا پوری ہوئی تو حکومتِ سعودی عربیہ نے اُسے ہندوستان واپس بھیجا تو اس کو دہشت گرد بتایا جارہاہے۔ گل نواز کے والد اور بھائیوں کا بھی یہ کہنا ہے کہ انھیں ابھی تک یہ معلوم نہیں ہے کہ گل نواز کو این آئی اے نے کس جرم کے تحت گرفتار کیا ہے۔ گائوں کے لوگوں نے ان کے گھریلو حالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ گل نواز کے والد کے پاس کاشت کے لئے تھوڑی سی زمین ہے، جبکہ اس کے دو بھائی محنت مزدوری کرکے اپنی زندگی گزاررہے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اتنے عرصہ تک سعودی عرب میں ملازمت اور ٹیکسی وغیرہ چلانے کے باوجود گل نواز کی ابھی تک شادی نہیں ہوئی ہے۔ گائوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ گل نواز کا تعلق ایک نہایت سادہ لوح خاندان سے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گائوں میں آج تک ان کا کسی کے ساتھ جھگڑا یا کسی طرح کا تنازعہ نہیں ہوا۔گل نواز کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد سے گل نواز کو دہشت گرد بتایا جارہاہے۔