گجرات اسمبلی الیکشن سے قبل یکساں سول کوڈ کے نفاذ کے لیے کمیٹی کی تشکیل کافیصلہ

0

احمد آباد، (ایجنسیاں) : گجرات میں اس سال کے اواخر تک ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے ریاست کی بی جے پی سرکار نے ہفتہ کو یکساں سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ گجرات کے وزیر مملکت برائے داخلہ ہرش سانگھوی نے بتایا کہ ریاستی کابینہ کی ہفتہ کو ہونے والی میٹنگ کے دوران کمیٹی کی تشکیل کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ اسے بھوپیندر پٹیل کی قیادت والی کابینہ کی آخری میٹنگ مانا جا رہا ہے کیونکہ ریاستی اسمبلی الیکشن کے پروگرام کا اعلان اگلے ہفتہ ہونے کی توقع ہے۔ مرکزی وزیر پروشوتم روپالا نے کہا کہ ’کمیٹی کی صدارت ہائی کورٹ کے سبکدوش جج کریں گے اور اس میں 3 سے 4 ارکان ہوں گے۔‘ اس سے قبل اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کی بی جے پی سرکاروں نے اپنی اپنی ریاستوں میں یو سی سی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کابینہ نے کمیٹی کی تشکیل کی ذمہ داری وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کو دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ کمیٹی یکساں سول کوڈ کے امکانات کا جائزہ لے گی۔ ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج اس کمیٹی کی صدارت کریں گے۔ قبل ازیں گجرات حکومت کے وزیر داخلہ نے کہا کہ یکساں سول کوڈ کے امکانات تلاش کیے جا رہے ہیں۔ اس کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا منصوبہ ہے۔ہماچل پردیش میں انتخابات کے فوراً بعد گجرات اسمبلی انتخابات کا اعلان بھی ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن یکم نومبر کو گجرات انتخابات کا اعلان کر سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ الیکشن 2 مرحلوں میں ہو سکتا ہے۔ دسمبر کے پہلے ہفتہ میں ووٹنگ ہو سکتی ہے۔ اب تک سامنے آنے والی معلومات کے مطابق پہلے مرحلہ کی پولنگ 1 سے 2 دسمبر اور دوسرے مرحلہ کی پولنگ 4 سے 5 دسمبر کو ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہماچل پردیش کے ساتھ ساتھ گجرات انتخابات کے نتائج کا بھی 8 دسمبر کو اعلان کیا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS