میرا رول ماڈل ناتھو رام گوڈسے پر تقریری مقابلہ

0

گجرات کے ولساڈ میں پروگرام منعقد کرنے والی ضلع کھیل افسرمتابین گولی معطل
احمد آباد، (پی ٹی آئی) :گجرات سرکار نے ولساڈ ضلع کی ایک پروبیشنری یوتھ ڈیولپمنٹ افسر کو ’میرا رول ماڈل- ناتھو رام گوڈسے‘کے زیر عنوان اسکولی طلبا کیلئے تقریری مقابلہ منعقد کرنے کو لے کر بدھ کو معطل کر دیا۔ ایک افسر نے یہ جانکاری دی۔ یہ معاملہ بدھ کو تب سامنے آیا جب ولساڈ ضلع کے مقامی اخبارات نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے خبریں شائع کیں کہ ایک طالبہ نے ’میرا رول ماڈل- ناتھو رام گوڈ سے‘ کے عنوان پر تقریری مقابلہ جیتاہے۔
وزیر مملکت برائے کھیل نوجوان و ثقافتی سرگرمیاں ہرش سانگھوی کے ذریعہ کارروائی کی یقین دہانی کئے جانے کے بعد ولساڈ ضلع کی پروبیشنری کیٹگری 2ڈسٹرکٹ یوتھ ڈیولپمنٹ آفیسر متابین گولی کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ سانگھوی نے گاندھی نگر میں اخباری نمائندوں سے کہاکہ میں نے اس واقعہ کے جانچ کے احکامات دے دیئے ہیں۔ ہم قصورواروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ کچھ گھنٹوں کے اندر گولی کو معطل کرنے کا حکم جاری کردیاگیا۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کے ولساڈ دفتر کے ذریعہ 14فروری کو ایک پرائیویٹ اسکول میں منعقدہ تقریری مقابلہ کیلئے موضوع کے انتخاب افسر کو اضافی احتیاط برتنی چاہئے تھی۔ یہ مقابلہ پورے ولساڈ ضلع کے 11 سے 13سال کی عمر کیٹگری کے پرائمری اسکولوں کے طلبا کیلئے تھا۔ معطلی کے حکم میں کہا گیا ہے کہ ’14فروری کو منعقدہ ضلع سطحی مقابلہ میں اسکولی بچوں کو چننے کیلئے 3موضوعات دیئے گئے تھے۔ گولی کے ذریعہ فراہم کردہ موضوعات میں سے ایک ’میرارول ماڈل-ناتھورام گوڈسے‘ تھا۔ دیگر 2موضوعات تھے ’مجھے صرف وہی پرندے پسند ہیں، جو آسمان میں اڑتے ہیں ‘اور ’میں سائنسداں بنوں گا لیکن امریکہ نہیں جاؤں گا‘۔ محکمہ کے ڈپٹی سکریٹری دیپک پٹیل کے ذریعہ دستخط شدہ معطلی نامہ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ نے جب ولساڈ ضلع پرائمری ایجوکیشن افسر بی ڈی بریایاسے جانکاری مانگی تو انہوں نے محکمہ کو بتایاکہ گولی نے ان موضوعات کا انتخاب کیاتھا اور تقریری مقابلہ کے بارے میں مطلع کرنے کیلئے پرائمری اسکولوں کو خط لکھا تھا۔
تنازع شروع ہونے کے بعد پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ نے واضح کیا کہ اس نے صرف پروگرام کی میزبان کی تھی اور اس کا اہتمام نہیں کیاتھا۔ کسم ودیالیہ کی ایڈمنسٹریٹر ارچنا ڈیسائی نے کہا کہ ’ہم نے اس مقابلہ کے انعقاد کیلئے صرف اپنے اسکول کیمپس کو محکمہ کو دستیاب کرایا تھا، نہ صرف موضوع، یہاں تک کہ مقابلہ کیلئے فیصلہ کرنے والوں کا انتخاب ولساڈ ضلع دفتر کے ذریعہ کیاگیاتھا۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS