17سیٹوں پر اویسی کی پارٹی کا جھنڈا بلند 46سیٹوں پر اے اے پی کا قبضہ
احمدآباد (ایجنسیاں): گجرات میں ہوئے بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کو بڑی جیت ملی ہے۔ نتائج کے مطابق اب تک پارٹی کو 8474 سیٹوں میں سے 6034 سیٹیں مل چکی ہیں۔ 108سیٹوں پر وہ آگے چل رہی ہے۔ ان انتخابات میں سب سے زیادہ نقصان کانگریس کو ہوا ہے۔ اس کے حصے میں محض 1740 سیٹیںآئی ہیں۔ 52 پر وہ آگے چل رہی ہے۔ سب سے حیران کرنے والی بات گودھرا میں اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کو 7سیٹوں پر جیت ملی ہے۔ انہوں نے یہاں 8سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے۔ سورت میونسپل کارپوریشن کے الیکشن میں 27سیٹیں جیت کر گجرات میں انٹری کرنے والی عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے اب ضلع پنچایت اور میونسپل کارپوریشن میں بھی انٹری کرلی ہے۔ سوراشٹر سورت اور سابرکانٹھا میں پارٹی نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع پنچایت کی 6، تحصیل پنچایت کی18، میونسپل کی22 سیٹیں یعنی کل 46 سیٹیں جیت لی ہیں۔ اویسی کی پارٹی نے بھی موڈاسا میں 9سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے اور بھڑوچ میںبھی ایک سیٹ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔اس طرح کُل 17سیٹوں پر اس کے امیدوار جیت چکے ہیں۔
گجرات میں مقامی بلدیہ الیکشن میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کی بری طرح ہار کے درمیان اس کے ایک موجودہ رکن اسمبلی بھی 2 میونسپل سیٹوں پر الیکشن ہار گئے ہیں، جبکہ کئی قد آور رہنماؤں کے رشتہ داروں کو بھی ایسی ہی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وسطی گجرات میں آنند ضلع کی پیٹ لاد سیٹ کے رکن اسمبلی نرنجن پٹیل نے پیٹ لاد میونسپل الیکشن میں وارڈ نمبر 3 اور 5 کی2 سیٹوں سے پرچہ نامزدگی بھرا تھا۔ 28 فروری کے الیکشن کے ووٹوں کی گنتی کے دوران مسٹر پٹیل دونوں سیٹوں پر ہار گئے۔ کانگریس رکن اسمبلی اور پارٹی کے وہپ اشون کوٹوال کے بیٹے اور وجے نگر تعلقہ پنچایت کے سابق صدر یش کوٹوال اسی تعلقہ پنچایت کی چتریا سیٹ سے الیکشن ہار گئے ہیں۔ پارٹی رکن اسمبلی وکرم ماڈم اور پنجا ونش کے بیٹے اور پونم بھائی پرمار کے بھتیجے بھی الیکشن ہار گئے ہیں۔ کانگریس کے سابق ریاستی صدر ارجن موڈھواڈیا کے بھائی رام دیو بھی الیکشن ہارنے والوں میں شامل ہیں۔برسر اقتدار بی جے پی کی جیت کی آندھی میں وسطی گجرات کے قدآور اپوزیشن لیڈر اور بھارتیہ ٹرائی بل پارٹی کے صدر چھوٹو وساوا کے بیٹے دلیپ وساوا بھی الیکشن ہار گئے ہیں۔واضح رہے کہ پارٹی داروں کے گڑھ شمالی گجرات اورسوراشٹرمیں بھی بی جے پی کی پوزیشن مضبوط ہے۔وہیں گزشتہ الیکشن میں ضلع پنچایت کی 31 میں سے 22 سیٹیں جیتنے والی کانگریس کو اب تک ایک بھی سیٹ نہیں ملی ہے۔
گجرات بلدیاتی انتخابات: بی جے پی کی بڑی جیت
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS