نئی دہلی : تین نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کررہے متحدہ کسان مورچہ کے اہم رکن اور سوراج انڈیا کے لیڈر یوگیندر یادو نے فصلوں کے منیمم سپورٹ پرائس یعنی ایم ایس پی کے موجودہ نظام کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یا تو حکومت اس کو قانون کے دائرے میں لائے یا اسے ختم کر دے ۔
یوگیندر یادو نے سنیچر کے روز نیوز ایجنسی کہا کہ ایم ایس پی کے نام پراس ملک میں گزشتہ 50 سے دھوکہ ہو رہا ہے اوراب تک کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا جاتا رہے گا۔ حکومت کو اس ایم ایس پی کے سسٹم کو یا تو قانونی شکل دینی چاہئے یا اسے ختم کر دینا چاہئے ۔
ایم ایس پی کا تعین کر نے والا کمیشن فار ایگریکلچر کاسٹ اینڈ پرائزز سرکاری ادارہ تو ہے لیکن اسےآئینی حیثیت حاصل نہیں ہے،اس لئے اس کی سفارشات حکومت پر لازمی نہیں ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ایم ایس پی کا التزام صرف کاغذات تک ہی محدود ہے اور زمینی سطح پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا ہے۔
منڈیوں میں کسانوں کی حالت زار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کسان فصل منڈی میں لے کر جاتا ہے تو اسے کسی نہ کسی بہانے ایم ایس پی برابر قیمت ادا نہیں کی جاتی اوراس کی فصل کی بولی ایم ایس پی کے نیچے ہی لگائی جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریبا 14کروڑ کسان ہیں،لیکن موجودہ ایم ایس پی کا فائدہ بمشکل دس سے 15 فیصد کسانوں کو ہی ملتا ہے اور جس میں بیشتر بڑے کسان شامل ہیں۔
یوگیندر یادو نے کہا کہ ایم ایس پی کے لئے بھی حق تعلیم کی طرز پر پارلیمنٹ میں ایک قانون بنایا جانا چاہئے،جس کا اطلاق پورے ملک میں کیا جا ئے،جس سے پورے ملک میں فصل کی قیمت ایم ایس پی کی بنیاد پر طے کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نجی اور سرکاری دونوں شعبوں میں ایم ایس پی لاگو کرنا لازمی ہو جائے گا اور چھوٹے اور بڑے دونوں کسانوں کو اس کا فائدہ ہوگا۔
ایم ایس پی کو قانون کے دائرے میں لانے کا ایک اور فائدہ یہ ہوگا کہ اگر کسی بھی کسان کی فصل ایم ایس پی کے نیچے خریدی جاتی ہے تو اس کے پاس بھی قانون کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اختیار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ اس کے بعد کسان کی فصل کی بولی ایم ایس پی کے برابر یا اس کے اوپر لگنا شروع ہو جا ئے گی ۔
یہ پوچھے جانے پر کہ حکومت ایم ایس پی کے سلسلے میں تحریری یقین دہانی کرنے کے لئے تیار ہے ، توانہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی فصل کا ایم ایس پی کا تعین کرنے والی سرکاری تنظیم تحریری طور پر ہی ایم ایس پی کا اعلان کرتی ہے لیکن اس کی قانونی اہمیت نہ ہونے کی وجہ سے اس کا اطلاق نہیں ہوتا ہے۔
حکومت ایم ایس پی کو قانون کے دائرے میں لائے یا اس دھوکہ کو ختم کر ے : یوگیندر یادو
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS