اتحادکا مظاہرہ نہیں کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی : فاروق عبداللہ

0

سری نگر(یو این آئی) :جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے روز کہا کہ نوجوان پود کے بہتر مستقبل اور آنے والی نسلوں کے لئے ایک ساز گار ماحول چھوڑنے کے لئے ہمیں اپنے حقوق کی بحالی کیلئے مل کر جدوجہد کرنی ہوگی اور اگر ہم نے ایسا کرنے سے انحراف کیا تو آنے والے نسلیں ہمیں کسی بھی صورت میں معاف نہیں کریں گی۔ان باتوں کا اظہارموصوف نے ہندوارہ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے ہمیں اپنے تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر میدان میں اُترنا ہوگا تاکہ ہم اپنی ریاست کی شناخت، انفرادیت اور اجتماعیت کو قائم و دائم رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کے چھینے گئے حقوق کی بحالی کیلئے قانونی اور جمہوری جدوجہد میں برسرجہد ہے اور مستقبل میں جب کبھی بھی انتخابات ہونگے وہ اس جدوجہد میں ایک انتہائی اہمیت کا حامل مرحلہ ہوگا۔ اُس وقت عوام کو اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرکے اس بات کا پیغام دیناہوگا کہ جموںوکشمیر کو آئینِ ہند کے تحت حاصل حقوق کو بحال کیا جائے ۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت زر کثیر خرچ کرکے وفاداریاں خریدنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن ہمیں ہر حال میں ثابت قدم اور پُرعزم رہ کر اپنے ایمان کی حفاظت کرنی ہوگی۔اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے کے لئے آئے روز سازشیں رچائیں جارہی ہیں کیونکہ یہی ایک عوامی نمائندہ جماعت ہے جو تینوں خطوں کے لوگوں کو موجودہ چیلنجوں سے نجات دلا سکتی ہے ۔اسمبلی نشستوں کی من مرضی حدبندی اور سٹیوں کی ہیرا پھیری کا مقصد بھی نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنا ہی تھا لیکن جب تک اس جماعت کو یہاں کے عوام کا اشتراک اور تعاون حاصل ہے کوئی بھی طاقت اسے زیر نہیں کرسکتی ہے ۔ماضی میں بھی ایسی کوششیں ناکام ہوئی ہیں اور انشائاللہ مستقبل میں بھی نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونگی اور یہ جماعت ہر حال میں عوام کی خدمت کرتی رہے گی۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ تمام لیڈران، عہدیداران اور کارکنان پر زور دیاکہ وہ متحد ہوکر کام کریں ۔انہوں نے پارٹی کے بزرگ رہنما[؟]ں پر زور دیاکہ وہ نوجوانوں کو آگے آنے کا موقع فراہم کریں کیونکہ نوجوانوں کو ہی قوم کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے ۔انہوں نے پارٹی سے وابستہ نوجوانوں پر بھی زور دیا کہ وہ بزرگ رہنماو¿ں کے نقش قدم پر چلیں اور اُن کے مشوروں کے عین مطابق ہی کام کریں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام کو سیاسی مسائل کے علاوہ اس وقت روز مرہ کے گوناگوں مسائل و مشکلات کا بھی سامنا ہے ۔ لوگوںکو راشن، پانی اور بجلی کی صورت میں بنیادی ضروریات میسر نہیں۔ آسمان چھوتی مہنگائی، کساد بازاری اور اقتصادی بدحالی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے ۔ ریکارڈ توڑ بے روزگاری نے نوجوان پود کو مایوسی اور نااُمیدی کے بھنور میں دھکیل دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ افسر شاہی میں موجودہ صورتحال سے نجات نہیں پایا جاسکتا اور ایک عوامی منتخبہ حکومت ہی لوگوں کو راحت پہنچا سکتی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS