کورونا کے ڈر اور ویک اینڈ کرفیو کے سبب لوگوں نے گھروں میں رہنا پسند کیا
نئی دہلی (ایس این بی):کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے وہئے دہلی سرکار کے ذریعہ ویک اینڈ کرفیو لگائے جانے کا فائدہ اس بار بازاروں سے لے کر سڑکوں تک دکھائی دیا۔ کرفیو کے پہلے دن ہفتہ کو نہ تو لوگوں میں ضروری چیزوں کی خریداری کرنے کی عجلت تھی اور نہ ہی دکانوں کے باہر لمبی لمبی قطاریں ہی نظر آئیں۔ لوگوں کو کھانے پینے کی چیزوں کی خریداری کرنے کے لیے دوڑتے بھاگتے بھی نہیں دیکھا تھا۔ اس دوران جامع مسجد، فتح پوری، صدر بازار، چاندنی چوک، جامعہ نگر، اوکھلا، ذاکر نگر، شاہدرہ، سیلم پور، جعفرآباد، جیت پور، بدر پور، لاجپت نگر، آشرم سمیت راجدھانی کے سبھی بڑے مارکیٹ بند نظر آئے۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ نگر کے تمام علاقے بٹلہ ہاؤس، ذاکر نگر، اوکھلا گاؤں، اوکھلا وہار، غفار منزل، حاجی کالونی، ابوالفضل انکلیو، شاہین باغ اور آس پاس کے سبھی علاقوں میں ہفتہ کے روز مکمل طور پر صبح سے ہی لاک ڈاؤن رہا ہے اور مذکورہ سبھی علاقوں میں سناٹا چھاہوا تھا۔ وہ مارکیٹ اور سڑکیںجہاں پر ہمیشہ گہما گہمی اور ہجوم نظر آتا تھا آج وہاں پر ویرانی چھائی ہوئی تھی۔ صرف کھانے پینے کی اشیا کی دکانیں مثلاً پرچون ، سبزی ، پھل فروٹ اور دواخانہ، کلینک وغیرہ مکمل طور پر کھلے ہوئے تھے، جبکہ چکن اور مٹن کی چند دکانیں تو کھلی ہوئی تھیں لیکن بڑے کے گوشت کی تمام دکانیں بند تھیں۔ شاہین باغ تھانہ اور بٹلہ ہاؤس قبرستان کے پاس پولیس کی جانب سے بیریکیڈ لگے ہوئے تھے۔ بغیر ماسک اوربلا ضرورت گھومنے والے راہگیروں کو روک کرماسک لگانے اور بلا ـضرورت باہر نکلنے سے منع کررہے تھے۔
دوسری جانب شالیمار باغ علاقہ میں دن بھر سناٹا پسرا رہا۔ کافی کم لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلے۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد بھی کم تھی۔ علاقہ میں دکانیں بھی بہت کم کھلیں۔ بیشتر لوگوں نے ایک دن پہلے ہی ضروری اشیا خرید لی تھیں۔ یہی صورت حال دلشاد گارڈن، دلشاد کالونی، جی ٹی وی انکلیو ودیگر علاقوں میں تھی۔ اس علاقہ میں جی ٹی بی اسپتال، اہباس اور سوامی دیانند جیسے بڑے طبی ادارے ہونے کے سبب سڑکوں پر ایمبولنس اور پولیس کی گاڑیوں کی آمد ورفت زیادہ دیکھنے کو ملی۔ ان اسپتالوں میں بھیڑ بھی زیادہ تھی۔
ذرائع کے مطابق پٹپڑگنج کے ریزیڈنٹشیل علاقوں میں بھی خاموشی چھائی ہوئی تھی۔ اس کے برعکس جھگی بستیوں اور جے جے کالونیوں میں کچھ چہل پہل تھی۔ جے جے کالونیوں، بازآباد کالونیوں اور جھگی بستیوں کی گلیوں میں کچھ لوگ بے وجہ موٹر سائیکل اور اسکوٹر چلاتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ کچھ کالونیوں میں بھی اپنے گھروں کے باہر کھڑے ہوئے نظر آئے۔ علاوہ ازیں کشمیری گیٹ، چاندنی چوک، بھاگیرتھ پلیس، صدر بازار، چاؤڑی بازاری، قرول باغ، کناٹ پلیس، نہرو پلیس، خان مارکیٹ، ساؤتھ ایکسٹینشن، گاندھی نگر، کملا نگر، لکشمی نگر، شاہدرہ، راجوری گارڈن، کیرتی نگر، ماڈل ٹاؤن، روہنی، پیتم پورہ، سروجنی نگر، تلک نگر وآس پاس کے علاقوںکے بازار پوری طرح بند رہے اور لوگوں کو گزشتہ سال کا لاک ڈاؤن یاد آگیا۔
سڑکوں سے لے کر بازاروں تک پسرا سناٹا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS