Image:RRS Urdu

5ریاستوں کیلئے BJP کی فہرست جاری
نئی دہلی: بی جے پی نے آسام، مغربی بنگال،کیرالہ اور تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کیلئے اتوار کو آج اپنے کل 209 امیدواروں کی فہرست جاری کی، جس میں مرکزی وزیر بابل سپریو،سابق مرکزی وزیر اور موجودہ رکن پارلیمنٹ کے الفانس، بزرگ میٹرو مین ای شری دھرن ،سابق مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ سریش گوپی،مغربی بنگال میں مشہور ماہر اقتصادیات اشوک لاہڑی،رکن پارلیمنٹ لاکیٹ چٹرجی اور سوپن داس گپتا سمیت کئی علاقوں کے جانے پہچانے نام شامل ہیں۔آج یہاں بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے آسام ریاست کے تیسرے مرحلے کیلئے 17، مغربی بنگال انتخابات کے تیسرے اور چوتھے مرحلے کیلئے 63، کیرالہ اور تمل ناڈو کے واحد مرحلے میں انتخابات کیلئے بالترتیب 112 اور 17 امیدواروں کی ناموں کی فہرست جاری کی۔ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ مرکزی وزیر بابل سپریو کو ٹولی گنج اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ مشہور فلمی اداکار یش داس گپتا کو چنڈیتلا سے میدان میں اتارا گیا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ لاکیٹ چٹرجی چونچورا سے الیکشن لڑیں گی۔ بنگالی فلمی اداکارہ انجنا باسو کو سونارپور ساؤتھ سے، تنوشری چکرورتی کو شیام پور، پائل سرکار کو بہالا ایسٹ سے ، رکن پارلیمنٹ سپن داس گپتا کو ترکیشور ، ممتا سرکار میں وزیر رہے راجیو بنرجی کو ڈومجور ، ممبر پارلیمنٹ نشیت پرمانک کو دنہاٹا اور علی پور دوار سے اشوک لاہڑی کو ٹکٹ دیا گیا ہے ۔
تمل ناڈو سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے ، بی جے پی کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ بی جے پی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے شراکت دار کے طور پر تمل ناڈو کی 20 سیٹوں پر انتخاب لڑ رہی ہے۔ ریاستی صدر ایل مورگن دھاراپورم سے مقابلہ کریں گے، جبکہ سینئر رہنما ایچ راجہ کرائیکوڈی سے مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کیرالہ میں 115سیٹوں پر مقابلہ کرے گی اور باقی 25سیٹوں اتحادیوں کے 4 شراکت داروں کیلئے چھوڑ دی جائیں گی۔ سابق مرکزی وزیر اور اراکین پارلیمنٹ الفانس کانجیراپلی ، ای سریدھرن پالکڈ حلقہ سے مقابلہ کریں گے ، جو میٹرو مین کے نام سے مشہور ہے۔ وہیں کیرالہ میں ، بی جے پی کے سابق صدر اور گورنررہے کمنم راج شیکھرن نیموم اور رکن پارلیمنٹ سریش گوپی تھرسور سیٹ سے مقابلہ کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اور بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی زیرصدارت ہفتہ کے روز یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا۔ مرکزی کمیٹی کے ممبران امت شاہ ، راج ناتھ سنگھ ، نتن گڈکری سمیت الیکشن کمیٹی کے تمام ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔بی جے پی نے آسام کی 126اسمبلی سیٹوں میں سے اپنے تمام 92امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ۔ باقی سیٹیں اتحادیوں کیلئے چھوڑ دی گئیں۔ تمل ناڈو کی 234اسمبلی سیٹوں پر ، بی جے پی اے آئی اے ڈی ایم کے کے ساتھ مل کر مقابلہ کررہی ہے، جہاں پارٹی کو اتحادی پارٹی کی حیثیت سے 20سیٹیں ملی ہیں۔ بی جے پی کیرالہ کی اسمبلی کی 140سیٹوں میں سے 115سیٹوں پر مقابلہ کررہی ہے اور بقیہ سیٹیں اتحادی پارٹیوں کیلئے چھوڑی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS