نئی دہلی، (یواین آئی) اتراکھنڈ کے آزاد ایم ایل اے اور سابق وزیر پریتم سنگھ پنوار نے بدھ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی۔پنوار نے یہاں مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی ، اتراکھنڈ بی جے پی کے صدر کوشک اور بی جے پی کے میڈیا ہیڈ اور ایوان بالا راجیہ سبھا کے رکن انل بلونی کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔
اس موقع پر پنوار نے کہا کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی بی جے پی میں شمولیت پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی پالیسیوں سے متاثر تھے جنہوں نے کیدار ناتھ کی تعمیر نو ، چار دھام کو ریل نیٹ ورک اور ریاست کی ترقی سے جوڑنے سے متعلق کئی منصوبوں کی سمت دی۔
پنوار 2017 میں دھنولتی اسمبلی حلقہ سے آزاد امیدوار کے طور پر ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ اس سے پہلے وہ 2002 اور 2012 میں یمنوتری سے اتراکھنڈ کرانتی دل سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ وہ اتراکھنڈ کرانتی دل کے نمائندے کے طور پر اترا کھنڈ حکومت میں وزیر رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات 2022 میں ہونے جا رہے ہیں اور اس تناظر میں بی جے پی کو امید ہے کہ پنوار کے شامل ہونے سے پارٹی کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS