سپریم کورٹ کے سابق جج اے آر لکشمانن کا انتقال

0

سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس اے آر لکشمنن کا جمعرات کی صبح یہاں ایک نجی اسپتال میں انتقال ہوگیا۔وہ 78 برس کےتھے۔
جسٹس لکشمنن ایک نجی اسپتال میں بڑھتی عمر سے متعلق بیماریوں کا علاج کرا رہے تھے۔ان کے کنبے میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ ان کی اہلیہ میناکشی اچی کا انتقال دو دن پہلے شیوگنگا ضلع کے کرائی کڈی میں دو دن پہلے ہوگیا تھا۔ان کے بیٹے اے آر ایل سدرشن مدراس ہائی کورٹ میں سینئر وکیل ہیں۔
جسٹس لکشمنن کی پیدائش شیوگنگا کے دیو کوٹائی میں برس 1942 میں ہوئی تھی۔انہوں نے تروچراپلی میں سینٹ جوسف کالج سے گریجویشن کی تھی اور مدراس لا کالج سے 1966 میں قانون کی ڈگری حاصل کی تھی۔
جسٹس لکشمنن نے 20 دسمبر 2002 سے 21 مارچ 2007 تک سپریم کورٹ میں اپنی خدمات انجام دیں۔اس سے پہلے،جسٹس لکشمنن مدراس ہائی کورٹ  اور کیرالہ ہائی کورٹ میں جج رہے تھے۔ انہوں نے آندھرا پردیش اور راجستھان میں بھی چیف جسٹس کے طورپر  اپنی خدمات انجام دی تھیں۔
سپریم کورٹ سے سبکدوش ہونے کے بعد وہ ملک کے 18 ویں قانون کمیشن کے صدر رہے اور ملک کے عدلیہ نظام میں اصلاح کے سلسلے میں ایک سال میں انہوں نے حکومت کو 32 رپورٹ سونپیں۔
جسٹس لکشمنن نے اپنی ایک رپورٹ میں چنئی سمیت ملک کے چار علاقوں میں سپریم کورٹ کی علاقائی بینچوں کے قیام کی بھی سفارش کی تھی۔وہ حال میں سپریم کورٹ کے ذریعہ مقرر ملا پیریار پینل میں تمل ناڈو کے موجودہ نمائندے تھے۔
جسٹس لکشمنن کی آخری رسومات آج ان کے آبائی مقام دیو کوٹائی میں ادا کی جائیں گی۔سابق وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئر لیڈرپی چدمبرم سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں  نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS