ہندوستانی ماہی گیر کی ہلاکت پر وزارت خارجہ نے پاکستانی سفارتکار کو طلب کیا

0

نئی دہلی،(یو این آئی) وزارت خارجہ نے آج پاکستان کے ہائی کمیشن کے ایک سینئر سفارت کار کو طلب کرکے پاکستانی سیکورٹی فورسز کی طرف سے ہندوستانی کشتی پر فائرنگ اور 6 نومبر کو ایک بے گناہ ماہی گیر کی ہلاکت پر سخت احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کا مطالبہ کیا۔
ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ وزارت خارجہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک سینئر سفارت کار کو طلب کیا گیا اور ہندوستانی ماہی گیر پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعہ پر شدید احتجاج درج کروایا گیا۔
پاکستانی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے ہندوستانی ماہی گیروں کی ایک کشتی ‘جل پری’ پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک ماہی گیر ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا تھا جو اوکھا کے ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
پاکستانی فریق سے کہا گیاکہ حکومت ہند پاکستانی سیکورٹی ایجنسی کےہندوستانی ماہی گیروں کی کشتی پر ہونے والے اشتعال انگیز اقدام کی مذمت کرتی ہے جس میں ماہی گیر ہلاک ہوا اور یہ واقعہ تمام قائم شدہ بین الاقوامی کنونشن اور دو طرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستانی فریق ماہی گیروں کے مسئلے کو انسانی اور معاش کا مسئلہ سمجھے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے حکومت پاکستان سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کرے اور اپنی افواج کو بلا اشتعال فائرنگ کے ایسے واقعات کی تکرار سے بچنے کی ہدایت دے۔
واضح رہے کہ ہندوستان نے گزشتہ روز یہ معاملہ پاکستان میں سفارتی سطح پر وہاں کی حکومت کے سامنے اٹھایا تھا، جس پر پاکستان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور مناسب وقت پر اس کی تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS