بڑھتے کورونا بحران سے مجبور ہوکر نریندر مودی کو پھر لکھنا پڑا خط: راہل گاندھی

0
Image:IndiaTv

نئی دہلی: (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وبا کے سبب ملک ہولناک بحران میں پہنچ گیا لہٰذا ابھی فریقوں کو اعتماد میں لے کر کورونا سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور و خوض کیا جانا چاہیے۔
راہل گاندھی نے جمعہ کے روز وزیراعظم کو خط لکھ کر کہا کہ کورونا نے ملک کو سنگین بحران میں ڈال دیا ہے۔ ہم سبھی مل کر اس عظیم بحران سے نمٹ سکتے ہیں لہٰذا تمام فریق کو اعتماد میں لے کر یہ لڑائی لڑنی ہوگی اور انھیں یقین ہے کہ مل کر لڑنے سے کورونا پر فتح پائی جا سکے گی۔
کانگریس کے رہنما نے سوشل میڈیا انسٹاگرام پر ایک پیغام میں نریندر مودی کو لکھے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وبا سے پیدا شدہ خوفناک صورتحال اور کومت کی اس سے نمٹنے کی کوئی حکمت عملی نہ ہونے کے سبب انھیں دوبارہ وزیراعظم کو خط لکھنے پر مجبور ہونا پڑا۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ مسٹر مودی ان کے مشورے پر مثبت ڈھنگ سے غوروخوض کریں گے‘اس سنگین بحران میں ملک کے عوام ان کی ترجیح ہوں گے۔ انہوں نے نریندر مودی سے درخواست کی کہ وہ اپنی استعداد کا استعمال کرکے متاثرین کی راحت رسانی کا کام کریں گے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ دنیا کی کل آبادی کا ہر چھٹا آدمی ہندوستان میں رہتا ہے لہٰذا عوام کی حفاظت کے لیے سائنٹیفک ڈھنگ سے وبا کے حل کی کوشش ہو اور وائرس کے تمام شکلوں سے نمٹنے کے لیے ویکسین کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے عوام کو بچانے کے لیے ملک میں وسیع پیمانے پر اور تیزی سے ہر کسی کی ٹیکہ کاری کی جانی چاہیے اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لائحہ عمل کی بابت شفافیت برتی جائے اور ٹھوس طریقہ کار اختیار کیا جانا چاہیے۔
کانگریس کے رہنما نے کہا کہ موجودہ بحران غریبوں اور مزدوروں کے لیے زیادہ تکلیف دہ ہے لہٰذا ان طبقات کے عوام کو مالی امداد دینے کے ستھ ہی اشیائے خوردنی کے طور پر مدد کی جانی چاہیے۔ اشیائے خوردنی عوام تک کیسے پہنچے‘اس حکمت عملی پر بھی غور و خوض ہونا چاہیے۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ اگر ہر کسی کو ساتھ لے کر چلنے اور ہر کسی کو اعتماد میں لے کر کام کیا جائے گا تو کورونا سے بہ آسانی نمٹا جا سکے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS