سری نگر(یو این آئی) : جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور اننت ناگ اضلاع میں ہفتے کی شام چھڑنے والی دو مسلح جھڑپوں میں سکیورٹی فورسز نے پانچ جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مہلوک جنگجوئوں میں ایک 14 سالہ کمسن جنگجو بھی شامل ہے جس نے محض تین دن قبل جنگجوئوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ یہ مسلح تصادم ضلع شوپیاں کے چھتراگام اور ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ میں ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے چھتراگام میں ہونے والی مسلح جھڑپ میں سکیورٹی فورسز نے ایک 14 سالہ کمسن جنگجو سمیت تین جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے ۔مہلوک جنگجوئوں میں سے دو کی شناخت کمسن فیصل گلزار گنائی اور آصف احمد گنائی ساکن چھتراگام کلان کے طور پر ہوئی ہے ۔کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘پولیس اور سکیورٹی فورسز نے حال ہی میں ریکروٹ ہونے والے جنگجو کی خود سپردگی یقینی بنانے کی بہت کوششیں کیں۔ والدین نے بھی اپیل کی لیکن باقی جنگجوئوں نے اسے خود سپردگی اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی۔آئی جی پی نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ بجبہاڑہ میں جن دو جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا ہے وہ مقامی فوجی اہلکار کی حالیہ ہلاکت میں ملوث تھے۔ انہوں نے لکھاکہ فوجی جوان کی ہلاکت میں ملوث جنگجوئوں کو دو دن کے اندر ہی بجبہاڑہ جھڑپ میں مارا گیا ہے ۔بجبہاڑہ میں مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت توصیف احمد بٹ ساکن تکیہ مقبول شاہ بجبہاڑہ اور عامر حسین گنائی ساکن گوری ون بجبہاڑہ کے طور پر ہوئی ہے ۔واضح رہے کہ بجبہاڑہ میں جمعہ کو مشتبہ جنگجوئوں نے ٹیریٹوریل آرمی کے ایک مقامی اہلکار محمد سلیم آخون ولد غلام حسن آخون کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ مہلوک اہلکار چھٹی لے کر اپنے گھر آیا ہوا تھا۔جمعہ کو ہی شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ہونے والی دو الگ الگ تصادم آرائیوں کے دوران انصار غزوۃ الہند کے سربراہ سمیت 7 جنگجو مارے گئے تھے ۔دریں اثنا فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے چھتراگام مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل اور ایک پستول برآمد کی گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بجبہاڑہ میں مسلح تصادم کی جگہ سے دو اے کے رائفلیں برآمد کی گئی ہیں۔
جنوبی کشمیر میں 2مسلح جھڑپوں میں 5جنگجو مارے گئے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS