2024 میں ہندوستان کیلئے لڑی جائے گی لڑائی، لوگ جھوٹ کے جال میں نہ پھنسیں

0

نئی دہلی/کولکاتہ، (پی ٹی آئی) :انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور نے اترپردیش سمیت 4 ریاستوں کے اسمبلی الیکشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی شاندار جیت کے ایک دن بعد جمعہ کو کہا کہ ان نتائج کا آئندہ لوک سبھا انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ ’2024 میں کسی ریاست کے الیکشن کے لیے نہیں، بلکہ ہندوستان کے لیے لڑائی لڑی جائے گی۔‘
کشور نے یہ تبصرہ اس وقت کیا ہے جب انتخابی نتائج آنے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد کچھ سیاسی پنڈتوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 2017 کے ریاستی اسمبلی الیکشن کے نتائج نے ہی 2019 کے لوک سبھا الیکشن کے نتائج طے کر دیے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس بار بھی انہیں یہ کہنے کی ہمت دکھانی چاہیے کہ 2022 کے نتائج نے 2024 کے نتائج طے کر دیے ہیں۔ کشور نے ٹویٹ کیا کہ ’2024 میں ہندوستان کے لیے لڑائی لڑی جائے گی اور اس کا فیصلہ کیا جائے گا نہ کہ کسی ریاستی الیکشن کے لیے۔ صاحب (مودی) یہ جانتے ہیں۔ اس لیے یہ اپوزیشن پر فیصلہ کن نفسیاتی سبقت حاصل کرنے کے لیے ریاستی انتخابات کے آس پاس ماحول سازی کی ایک ہوشیاری والی کوشش ہے۔ اس جھوٹ کے جال میں نہ پھنسیں۔‘ بی جے پی نے فروری-مارچ میں 5 ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی الیکشن میں 4 ریاستوں اترپردیش، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں شاندار جیت حاصل کی ہے جبکہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی نے زبردست جیت درج کی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS