نیو میکسیکومیں 4 مسلمانوں کے قتل میں باپ اور بیٹے کے ملوث ہونے کا قیاس:پولیس

0

واشنگٹن، (یو این آئی) نیومیکسیکو میں چار مسلمانوں کے قتل کے سلسلے میں پولیس نے خیال ظاہر کیا ہے کہ 4 مسلمان مردوں کے قتل میں مرکزی ملزم کا بیٹا بھی ملوث ہوسکتا ہے ، جس نے نیو میکسیکو کے سب سے بڑے شہر میں امریکی مسلم کمیونٹی کو ہلا کر رکھ دیا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق وفاقی پراسیکیوٹرز کی جانب سے پیر کو سماعت کے دوران جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ موبائل فون ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ 21 سالہ شاہین سید’البیکرکی‘کے اسی علاقے میں تھا جہاں اس کے والد 5 اگست کو موجود تھے ، اس دن 25 سالہ نعیم حسین کو قتل کیا گیا تھا۔ان کے وکیل جان اینڈرسن نے بتایا کہ یہ الزامات انتہائی کمزور اور قیاس آرائی پر مبنی ہیں۔پولیس نے گزشتہ ہفتے شاہین کے 51 سالہ والد محمد سید پر 2 افراد کے قتل کا الزام عائد کیا تھا جبکہ 4 افراد کے قتل کو ذاتی رنجشوں کے ساتھ منسلک کیا تھا کہ ممکنہ طور پر یہ قتل مسلم فرقہ وارانہ نفرت کی وجہ سے ہوئے ۔گزشتہ ہفتے شاہین کو وفاقی آتشیں اسلحے کے الزام میں جھوٹا پتا فراہم کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ڈان کی رپورٹ کے مطابق وفاقی پراسیکیوٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے افسران کو حال ہی میں ایسے شواہد کا پتہ چلا ہے جو محمد سید اور شاہین سید کو ان ہلاکتوں سے جوڑتے ہیں۔ایف بی آئی کے ایجنٹس کا سیل ٹاور ڈیٹا کے تجزیے کی بنیاد پر خیال ہے کہ شاہین سید نے نعیم حسین کو 5 اگست کو قتل ہونے والے 2 مسلمانوں کے جنازے میں شرکت کرنے کے بعد جاتے دیکھا، جس کے بعد شاہین سید تعاقب کرتے ہوئے پارکنگ میں گیا جہاں اس نے نعیم حسین کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ٹیلی فون کالز کی نگرانی سے پتا چلا کہ محمد عاطف سید اور شاہین سید نے فائرنگ سے قبل اور بعد میں فون پر بات کی۔امتیاز حسین نے بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ یکم اگست کو ان کے بھائی محمد افضال حسین کے قتل میں کم از کم 2 افراد ملوث تھے ۔پولیس ریکارڈ اور امتیاز حسین کے مطابق سٹی پلاننگ کے ڈائریکٹر افضال حسین کو 15 سے 20 سیکنڈ میں 15 بار گولی مارنے کے لیے ایک پستول اور رائفل کا استعمال کیا گیا تھا۔امتیاز حسین کا کہنا تھا کہ ایک شخص کے لیے اس مختصر وقفے میں 2 ہتھیار استعمال کرنا مشکل ہے ۔افغان مہاجر محمد سید پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے افضال حسین اور کیفے منیجر 41 سالہ آفتاب حسین کو قتل کرنے کا الزام ہے ، ان کے افغانستان اور پاکستان میں تعلقات تھے ۔چوتھا شخص، سپر مارکیٹ کے 62 سالہ مالک محمد احمدی کو 7 نومبر 2021 میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ کہا ہے کہ وہ نعیم حسین اور محمد احمدی کے قتل کے ممکنہ الزامات کے حوالے سے استغاثہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS