مشہور سوشلسٹ لیڈر سید صغیر احمد کا انتقال

    0

    نئی دہلی، (یواین آئی)
    مشہور سوشلسٹ لیڈر اور سابق وزیراعظم چندرشیکھر کے قریبی دوست سید صغیر احمد کا آج صبح بریلی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 85 سال تھی۔
     ضلع بدایوں کے قصبہ سہسوان میں ان کی پیدائش 4 دسمبر 1934 کو ہوئی۔ ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے لئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔ اسی دوران وہ سوشلسٹوں کے رابطے میں آئے اور زندگی بھر ان ہی کے ساتھ رہے۔ 1953 میں پرجا سوشلسٹ پارٹی کے ممبر بنے۔ انہوں نے جے پرکاش نارائن، اچاریہ کرپلانی اور رام منوہر لوہیا کی قیادت میں کام کیا۔ وہ چندرشیکھر، بابو ترلوکی سنگھ، ڈاکٹر عبدالجلیل فریدی اور نرائن دت تیواری کے قریب ترین لوگوں میں تھے۔ ایمرجنسی میں جب چندرشیکھر جیل چلے گئے تو صغیراحمد نے ہی ان کے گھروالوں کی خبر گیری کی۔ چندر شیکھر نے اپنی جیل ڈائری میں بڑی دردمندی کے ساتھ ان کا ذکر کیا ہے۔ انہیں 1981 میں یوپی جنتاپارٹی کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا۔ تقریباً 60 سال کی سیاسی زندگی میں کئی ایسے مواقع آئے جس میں وہ قانون ساز اداروں کے رکن بن سکتے تھے لیکن انہوں نے کبھی اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے اپنی شرطوں پر زندگی گز اری اور سیاست کو کبھی مفادات حاصل کرنے  کا ذریعہ نہیں بنایا۔ پچھلے دنوں ان کی طویل سوانح عمری ’ابھی امید زندہ ہے‘ ہندی میں شائع ہوئی تھی۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS