بندرگاہ کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات

0

وزیراعظم نریندرمودی کے ہاتھوں ’میری ٹائم انڈیا کانفرنس 2021‘ کا افتتاح
نئی دہلی ( یو این آئی ): وزیر اعظم نریندر مودی نے بندرگاہ کے شعبے میں ملک کو خود انحصار بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم ساحلی علاقوں کی وجہ سے سمندری پیداوار کے شعبے میں ترقی کے وسیع امکانات ہیں، اس لئے پوری صلاحیت سے ان کا استعمال کرنے کی اشد ضرورت ہے۔مودی نے منگل کے روز یہاں 3 روزہ ’میری ٹائم انڈیا کانفرنس 2021‘ کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی تہذیبیں ملک کے وسیع و عریض سمندری حدود میں پروان چڑھی ہیں، جس نے ہماری خوشحال سمندری تاریخ کو ہزاروں برسوں سے سمندری ساحلوں کے ذریعے د نیا سے جوڑے رکھا، اس لئے اس روایت کو اب پوری طاقت کے ساتھ مزید خوشحال ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت سمندری مصنوعات کے مکمل استعمال کے ذریعے ملک کو خود انحصار بنانے کی سمت کام کر رہی ہے اور اس کیلئے بندرگاہ کے شعبوں کی تیز رفتار سے ترقی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ساگرمالا جیسے منصوبوں کا 2016میں آغاز کیا گیا، جن کے ذریعے بندرگاہوں کو علاقے سے جوڑنے کے منصوبے شروع کرکے بندرگاہوں کو تیزی سے تیار کیا جارہا ہے۔ میری ٹائم سیکٹر میں ملک کو خود انحصار بنانے کی سمت میں بہت سے منصوبوں پر کام جاری ہے۔چوٹی کانفرنس کا انعقاد ہندرگاہوں اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کے زیر اہتمام کیا جارہا ہے، جس میں 24ممالک کے 20ہزار سے زائد مندوبین شریک ہوں گے۔ ڈنمارک کانفرنس کا شراکت دار ملک ہے۔ کانفرنس میں سمندری زون کے 115 ماہرین بین الاقوامی مقررین شرکت کریں گے۔ اس پروگرام کا مقصدبندرگاہ کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور ملک کو سمندری پیداوار کے شعبے میں خود انحصار بنانا ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ حکومت نہ صرف سمندری اشیا کا مکمل استعمال کرنے پر زور دے رہی ہے، بلکہ اس کے ذریعے سمندری ساحلوں کی ترقی کے ساتھ ہی روزگار کے امکانات تلاش رہی ہے۔ حکومت کا مقصد بندرگاہ شعبے میں ملک کو خود کفیل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آبی ٹرانسپورٹ پر توجہ دے رہی ہے اور 2030 تک 23آبی راستوں کو ترقی دی جائے گی۔ ان کہنا تھا کہ آبی نقل و حمل کی سستی سہولت ہونے کے ساتھ ہی ماحولیات کیلئے بھی مناسب ہے، لہٰذا اس پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے ۔ آبی راستے کے ذریعے بنگلہ دیش، میانمار، بھوٹان اور نیپال جیسے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تجارت کو فروغ دیا جائے گا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ملک میں سی پلین جیسے پروجیکٹ بھی شروع کیے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے بہ آسانی عوام کی آمد و رفت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی مقامات پر سی پلین منصوبہ کو نافذ کرنے کی تیاری چل رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جہاز بنانے اور ان کی مرمت کے کام پر توجہ دے رہی ہے۔ بندرگاہوں کی جدید کاری ہو رہی ہے اور اس سے جہازوں کی آمد و رفت کا وقت کی بچے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS