صحافتی خدمات کیلئے 40 نوجوان اردو صحافیوں کو ایوارڈ… ایکسچینج 4میڈٖیا گروپ کی جانب سے پروگرام کا انعقاد،سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی اور دیگر مشہور و معروف شخصیات کے ہاتھوں ایوارڈ کی تقسیم

0

سید مجاہد حسین

نئی دہلی (ایس این بی)

دہلی میں جمعہ کو ایک ایسا پروگرام منعقد ہوا جہاں نوجوان اردو صحافیوں کی خدمات کے اعتراف میں حوصلہ افزائی کی گئی اور اعزاز سے نوازا گیا ۔اس سلسلے میں جمعہ کو نئی دہلی میں ’جشن صحافت‘ کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور 40سال سے کم عمر کے 40 صحافیوں کو ایوارڈ دئے گئے۔قابل ذکر ہے کہ یہ پروگرام جمعہ کو ایکسچینج 4میڈٖیا گروپ کے زیر اہتمام انڈیا انٹر نیشنل سینٹر میں ’ جشن صحافت ‘ کے عنوان سے منعقد کیا گیا جہاں ملک بھر سے آئیں کئی مشہور و معروف سرکردہ شخصیات اور دانشوروں نے شرکت کی ۔ایوارڈ کی تقسیم سابق چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا ایس وائی قریشی اور دیگر مشہور ومعروف شخصیات کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ ایکسچینج 4 میڈیا کی جانب سے یہ ایسا پہلا موقع تھا جب ملک بھر کے اردو صحافیوں کوان کی بہترین رپورٹنگ اور خدمات کے لئے اعزازسے نوازا گیا ۔اس ’جشن صحافت‘ تقریب میں جموں و کشمیر ،لداخ اور ہماچل کے صحافیوں نے سب سے زیادہ 6 ایوارڈ حاصل کئے۔ واضح رہے کہ یہ ایک ایسا پروگرام تھا جس میں ملک بھر سے اردو صحافت کے 40 سال سے کم عمر کے تقریبا 200صحافیوں نے شرکت کی۔اس میں 80صحافیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا اورپھر فائنل رائونڈ میں انٹرویو کے ذریعہ40 صحافیوں کے نام ایوارڈ کے لئے منتخب کئے گئے اور انہیں اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب کے بعد ایوارڈ یافتگان نے صحافیوں سے خوشی کا اظہار کیا اور ایکسچینج 4میڈیا گروپ کے اس قدم کو خوش آئند بتایا۔ اس پروگرام کے انعقاد کے لئے تمام مقررین نے میڈیا گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر انوراگ بترا کی کاوشوں اور ان کے حوصلے اور جذبہ کو سراہا اور تقریب کے روح رواں روح الامین کی ستائش کرتے ہوئے ان سے اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر ملک بھر سے اردو صحافت سے وابستہ شخصیات کی خاصی تعداد اس پروگرام میں موجود رہی ۔

ایکسچینج فارمیڈیا گروپ کے چیئرمین اورایڈیٹران چیف ڈاکٹرانوراگ بترا نے ایوارڈ تقریب سے متعلق خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی اورچھوٹی سی کوشش ہے۔ آئندہ مرتبہ اس سے بہتر کوشش کی جائے گی، لیکن میں اس تقریب کے انعقاد سے بہت خوشی محسوس کررہا ہوں۔ جو لوگ اس بار ایوارڈ کے لئے منتخب نہیں ہوئے ہیں، وہ مایوس نہ ہوں آنے والے دنوں میں وہ اور زیادہ محنت کے ساتھ شریک ہوں۔

قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی بڑی آرگنائزیشن کی طرف سے اردوکے صحافیوں کا جیوری کے تحت انتخاب عمل میں آیا اورانہیں ایوارڈ دیا گیا۔اس موقع پرایکسچینج4 میڈیا گروپ کے چیئرمین اور ایڈیٹر اِن چیف ڈاکٹرانوراگ بترا کے علاوہ، سابق چیف الیکشن کمشنرایس وائی قریشی، روزنامہ راشٹریہ سہارا کے گروپ ایڈیٹر عبدالماجد نظامی،سینئر صحافی خورشید ربانی، ڈاکٹرخالد رضا خان،محمد یامین انصاری، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (آئی آئی ایم سی) کے صدرشعبہ اردو پروفیسرپرمود کمار، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے سابق چانسلر ظفرسریش والا، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے سابق چانسلر فیروز بخت، معین شاداب، ڈاکٹرہریش بھلا، ڈاکٹرآمنہ امبرین، سمن ورما، کے علاوہ مختلف سماجی وصحافتی شخصیات کے ہاتھوں اردو صحافیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS