معروف فٹ بالرمہتاب نے ایک دن میں ہی چھوڑدی بی جے پی

0

سابق ہندستانی فٹ بالر مہتاب حسین نے بی جے پی میں شامل ہونے کے صرف ایک دن بعد ہی بدھ کے روز بی جے پی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
منگل کو 35 سالہ سابق مڈفیلڈر نے بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش کی سربراہی میں بھگوا پرچم اٹھایا تھا ۔ مشہور فٹ بال کلب موہن بگان اور ایسٹ بنگال کے لئے کھیلنے والے مہتاب نے ایک دن بعد ہی یہ کہتے ہوئے سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کیا کہ ان کے پرستار اور کنبہ ان کے فیصلے سے متفق نہیں ہیں۔
بی جے پی میں شمولیت کے وقت مہتاب نے کہا تھا کہ میں جو کر رہا ہوں وہ کافی نہیں ہے۔ لوگ تکلیف میں ہیں اور یہ کافی نہیں ہے۔ اسی لئے میں سیاست میں شامل ہورہا ہوں کیونکہ لوگوں کی مدد کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ مہتاب بنگال میں کورونا وائرس کے دوران لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے 35 فٹبالرز کے ساتھ ضرورت مندوں اور ناداروں کی مدد کی ہے۔ بی جے پی میں شمولیت کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ وہ لوگوں کی مدد کے لئے بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔

مہتاب نے کہا کہ سیاست میں شامل ہونے کے بعد انہیں اپنے مداحوں کی جانب سے پیغامات مل رہے ہیں کہ انہیں سیاست میں شامل نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اہلیہ ، بچے اور دوست بھی ان کے فیصلے سے خوش نہیں ہیں اور ان لوگوں نے ان سے سیاست چھوڑنے کا کہا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا فیصلہ ان کا اپنا ہے لہذا کسی نے بھی ان پر دباؤ نہیں ڈالا۔ تاہم بی جے پی کی طرف سے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS