نئی دہلی: معاشی رابطوں کی معروف ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے صارفین کے لیے 'وائس ٹوئٹ' کی سہولت متعارف کرائی ہے، جو فی الحال صرف آئی فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ہو گی۔ 'اینڈرائڈ' موبائل رکھنے والے صارفین فی الحال 'وائس ٹوئٹ' کی سہولت سے استفادہ نہیں کر سکیں گے۔ ٹوئٹر نے یہ واضح نہیں کیا کہ مستقبل میں یہ سہولت 'اینڈرائڈ ڈیوائسز' پر بھی دستیاب ہو گی یا نہیں۔ ٹوئٹر نے بدھ کے روز اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ کمپنی اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا رہی ہے اور وہ ہے "آپ کا ٹوئٹ آپ کی اپنی آواز میں۔" ٹوئٹر نے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک آڈیو ٹوئٹ بھی کیا ہے، جس میں چڑیوں کے چہچہانے کی آوازیں ہیں۔ ٹوئٹر کے بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ کئی برسوں سے ٹوئٹر صارفین لوگوں تک اپنے خیالات تصاویر، گرافکس، ٹیکسٹ پیغامات اور ویڈیوز کے ذریعے پہنچا رہے ہیں۔ لیکن کبھی کبھی ٹیکسٹ ٹوئٹ میں 280 حروف اپنی بات پہنچانے کے لیے کافی نہیں ہوتے۔ اس لیے وائس ٹوئٹ کا نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ وائس ٹوئٹ کے فیچر میں صارفین کو 140 سیکنڈز کی آڈیو ٹوئٹ کرنے کی آزادی ہو گی، جب کہ ٹوئٹر پر ویڈیو ٹوئٹ بھی اتنے ہی دورانیے کی جا سکتی ہے۔ کمپنی نے حال ہی میں بزنس پلیٹ فارمز کے لیے طویل دورانیے کی ویڈیو ٹوئٹ کرنے کا فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔ اگر کوئی صارف دو منٹ 20 سیکنڈز سے زیادہ کی آڈیو ٹوئٹ کرنا چاہے تو کیا کرے؟
ٹوئٹر نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ صارف صرف بٹن دبا کر آڈیو ریکارڈ کرتا رہے۔ اگر 140 سیکنڈز سے زیادہ کی آڈیو ہوئی تو وہ خود ہی دوسرا ٹوئٹ بن کر پہلے ٹوئٹ سے منسلک ہو جائے گی۔ یعنی جیسے ٹیکسٹ ٹوئٹ میں 'تھریڈ' کا آپشن دیا جاتا ہے ویسے ہی وائس ٹوئٹ میں بھی دیا جائے گا۔ وائس ٹوئٹس بھی لوگوں کی ٹائم لائنز پر آئیں گے۔ اگر کوئی اسے سننے کے لیے اس پر کلک کرے گا تو ایک نئی ونڈو میں وہ ریکارڈنگ چلنا شروع ہو جائے گی۔ صارفین اسے ٹوئٹر پر دیگر پوسٹس دیکھتے اور 'اسکرولنگ' کرتے ہوئے بھی سن سکیں گے۔ ٹوئٹر کا مزید کہنا ہے کہ فی الحال یہ فیچر ٹیسٹنگ کے لیے آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم کی حامل کچھ ڈیوائسز میں شامل کیا جا رہا ہے، لیکن آنے والے وقت میں یہ تمام آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
ٹوئٹر کا نیا فیچر: آپ کا ٹوئٹ آپ کی اپنی آواز میں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS