ہماچل پردیش اور گجرات میں ایگزٹ پول پر پابندی

0

شملہ، (ایجنسیاں) :الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے ہماچل پردیش اور گجرات میں ہفتہ سے شروع ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے ایگزٹ پول یا رائے شماری پر پابندی لگا دی ہے۔ ہماچل پردیش کی 68 اسمبلی سیٹوں کے لیے ہفتہ کی صبح 8 بجے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان پولنگ شروع ہوئی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میں ایگزٹ پول کے اندازوں کی اشاعت 12 نومبر کی صبح 8 بجے سے 5 دسمبر کی شام 5 بجے تک ممنوع رہے گی۔ ہماچل پردیش میں 48 گھنٹے تک اوپینین پول پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
الیکشن ڈپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 126 (1) (b) کے تحت ہماچل پردیش اور گجرات میں کسی بھی انتخابی معاملے میں رائے شماری یا دیگر سروے کے نتائج پر پابندی ہوگی۔ ہماچل پردیش میں پولنگ کے اختتام کے لیے مقررہ 48 گھنٹوں کے دوران رائے شماری (اوپینین پول) یا کسی دوسرے سروے کے نتائج کی اشاعت یا نشر کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی کمیشن نے ہماچل پردیش اور گجرات کے چیف الیکٹورل افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس ایڈوائزری کو گزٹ نوٹیفکیشن کی شکل میں شائع کریں۔ اس کے ساتھ ہی ایک کاپی کمیشن کو ریکارڈ کے لیے بھی بھیجی جائے۔ متعلقہ حکام کو یہ ایڈوائزری تمام اخبارات، میڈیا ہاو¿سز، ریڈیو اور ٹیلی ویژن چینلوں کو بھیجنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات کے لیے ہفتہ کو پولنگ ہو رہی ہے۔ ہماچل پردیش حکومت نے پولنگ کے پیش نظر ہفتہ کو سرکاری دفاتر، بورڈس، کارپوریشنز، تعلیمی اداروں اور صنعتی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثنا بی جے پی نے گجرات انتخابات کے لیے اپنے 160 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ ریاست میں کل 182 اسمبلی حلقوں کے لیے 2 مرحلوں میں یکم اور 5 دسمبر کو انتخابات ہوں گے۔ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہونی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS