عید: جشن عام!

0

آج ہم ملک عزیز ہندوستان میں عید منا رہے ہیں۔ 2019 میں عالمی وبا کورونا کے پھوٹنے کے بعد 2020 اور 2021 میں دنیا بھر کے مسلمان ٹھیک سے عید نہیں منا سکے تھے۔ دو سال بعد یہ موقع آیا ہے جب عالمی سطح پر مسلمان پورے جوش و خروش کے ساتھ عید منا رہے ہیں مگر عید مناتے وقت یہ بات نظرانداز نہیں کی جانی چاہیے کہ کورونا ابھی مرا نہیں، اس کے کبھی بھی ابھرنے کا خطرہ برقرار ہے، اس لیے وہ احتیاطی تدابیر نظرانداز نہیں کی جانی چاہئیں جو اس وبا سے بچنے کے لیے ضروری سمجھی جاتی ہیں۔ عید اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک انعام ہے۔ خوب کھائیں، کھلائیں، گلے شکوے دور کرکے ایک دوسرے کے گھر جائیں، گلے ملیں، خوشی میں شامل ہوں۔ وہ لوگ جو غریب ہیں، اس لائق نہیں ہیں کہ عید مناسکیں، ان کی مدد کریں تاکہ وہ بھی عید منا سکیں۔ اللہ پاک نے اس کے لیے فطرہ اور زکوٰۃ کا نظام دیا ہے۔ فطرہ و زکوٰۃ کے پہلے حق دار غریب رشتہ دار ہیں، اس کے بعد دیگر غربا و مساکین۔ اگر رمضان المبارک میں زکوٰۃ نہیں دے سکے ہیں تو آج دے دیں تاکہ وہ لوگ جو آپ ہی جیسے ہیں، عید کی اہمیت ان کے لیے بھی اتنی ہی ہے جتنی آپ کے لیے ہے، وہ بھی عید منا سکیں۔ آپ کے اور ان کے عید منانے میں مساوات نظر آئے، عید جشن عام لگے اور یہ جشن لوگوں کو یہ محسوس کرائے کہ عید اصل میں مساوات کا تہوار ہے۔ یہ مساوات نماز کے لیے صف بند لوگوں میں بھی نظر آتی ہے، امیروں کے غریبوں کے گھر جانے اور ان سے گلے ملنے میں بھی۔ طبقاتی نظام کے تحت انسان کئی خانوں میں بٹے ہوئے ہیں مگر عید اس طبقاتی نظام کو توڑنے والا تہوار ہے، کیونکہ عید کی مبارکباد دیتے اور مبارکباد قبول کرتے وقت مسلمان یہ نہیں دیکھتے کہ کس کی سماجی حیثیت کیا ہے۔ عید کے دن نہ کوئی مہمان ہوتا ہے، نہ میزبان۔ نہ کوئی امیر ہوتا ہے، نہ کوئی غریب۔ عید سب کے لیے ایک جیسی خوشی کا تہوار ہے۔ اس تہوار میں بین المذاہب مساوات بھی دیکھنے کو ملتی ہے، کیونکہ جس خوشی سے برادران وطن ہندو، سکھ، عیسائی و دیگر تمام طبقات اپنے مسلم دوستوں، پڑوسیوں کے گھر جاتے ہیں، ان سے گلے ملتے ہیں، ان کی خوشی میں شریک ہوتے ہیں، اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ دنیا ہندوستان پر عش عش کیوں کرتی ہے۔ آج اس میل ملاپ، اس بھائی چارے کو زیادہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سماجی ہم آہنگی زیادہ مضبوط ہو، ہندوستان زیادہ مستحکم بنے!

[email protected]

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS