’امرت مہوتسو‘کی گونج غیرممالک میں بھی:مودی

0

نئی دہلی(یو این آئی) : وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آزادی کے امرت مہوتسو کا جوش وجذبہ ملک میں ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی دیکھا جا رہا ہے اور انہیں اس سلسلے میں اب تک ایک کروڑ سے بھی زیادہ پوسٹ کارڈ پیغامات موصول ہو چکے ہیں۔اتوار کو یہاں من کی بات پروگرام میں ہم وطنوں سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہاکہ ہندوستان کی آزادی کے امرت مہوتسو کا جوش صرف ہمارے ملک میں ہی نہیں ہے۔ مجھے ہندوستان کے دوست ملک کروشیا سے بھی 75پوسٹ کارڈ ملے ہیں۔ کروشیا کے زاگریب میں طلبا نے یہ 75کارڈ ہندوستان کے لوگوں کیلئے بھیجے ہیں اور امرت مہوتسوکی مبارکباد دی ہے ۔ آپ تمام ہم وطنوں کی طرف سے ، میں کروشیا اور وہاں کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیم کو فروغ دینے کیلئے بابائے قوم مہاتما گاندھی، پنڈت مدن موہن مالویہ، مہارشی اروند اور راجہ مہندر پرتاپ سنگھ جیسی شخصیات نے جوتعاون دیاتھا، اس سے لوگ آج بھی متاثرہورہے ہیں اورتعلیم کیلئے تعاون دے رہے ہیں۔مودی نے کہا کہ آزادی کے دوران ہمارے عظیم شخصیات نے تعلیم کو فروغ دینے کیلئے ایک کے بعد ایک مراکز قائم کیے اور ان کی ترغیب سے تعلیم میں وسعت کیلئے لوگ آج بھی آگے آرہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل وار میموریل پر جا کرنئی توانائی اور تحریک ملتی ہے ، اس لیے تمام ہم وطنوں کو زندگی میں ایک بار اپنے اہل خانہ کے ساتھ موقع ملنے پر نیشنل وار میموریل ضرور جانا چاہیے۔ مودی نے کہا کہ میں آپ سبھی سے کہوں گا، جب بھی موقع ملے ، نیشنل وار میموریل ضرور جائیں ۔ اپنے اہل خانہ کو بھی ضرور لے جائیں ۔ یہاں آپ کو ایک الگ توانائی اور تحریک کا تجربہ ہوگا۔ سچ میں ’امر جوان جیوتی‘ کی طرح ہمارے شہدا، ان کی تحریک اور ان کا تعاون بھی لازوال ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش کے ٹائیگر سینکچری میں کالر والی شیرنی کی آخری رسومات ،راشٹرپتی بھون کے وراٹ گھوڑے کا اعزاز اور آسام میں ایک سینگ والے گینڈے کے تحفظ کیلئے لوگوں کے متحد ہونے کی کوشش بتاتی ہے کہ قدرت کا تحفظ ہماری مضبوط روایت کا حصہ ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS