اگلے چیف جسٹس ہوں گے ڈی وائی چندرچوڑ،موجودہ چیف جسٹس للت نے کی نام کی سفارش

0

نئی دہلی، (ایجنسیاں) : ہندوستان کے نئے چیف جسٹس کیلئے ڈی وائی چندرچوڑ کے نام کی سفارش کی گئی ہے۔ موجودہ سی جے آئی یو یو للت 8 نومبر کو ریٹائر ہورہے ہیں اور نو نومبر کو ملک کے 50 ویں سی جے آئی کے طور پر جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ حلف لے سکتے ہیں۔ منگل کی صبح سی جے آئی یو یو للت نے سپریم کورٹ کے ججوں کی موجودگی میں اپنے خط کی ایک کاپی جسٹس چندرچوڑ کو سونپی۔ جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کے والد یشونت وشنو چندرچوڑ ملک کے 16ویں سی جے آئی تھے۔ ان کی مدت کار 22 فروری 1978 سے 11 جولائی 1985 تک رہی۔جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اپنے بے باک فیصلوں کی وجہ سے مقبول ہیں۔ وہ تقریبا 2سالوں کیلئے ملک کے چیف جسٹس ہوں گے۔ ان کی مدت کار نو نومبر 2022 سے 10 نومبر 2024 تک رہے گی۔ ہندوستانی روایت کے مطابق وزیر قانون کرن رجیجو نے موجودہ چیف جسٹس کو خط بھیج کر ان کے جانشیں کا نام بتانے کی اپیل کی تھی۔ اس کے بعد سی جے آئی یو یو للت نے جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کا نام بھیجا۔ ایسی روایت ہے کہ جب وزیر قانون ، چیف جسٹس کیلئے نام مانگتے ہیں ، تب ہی موجودہ سی جے آئی اپنی سفارش بھیجتے ہیں۔جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ 10 نومبر 2024 کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ 1998 میں ایڈیشنل سالیسٹر جنرل آف انڈیا کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 2013 میں الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا تھا۔ وہ بمبئی ہائی کورٹ سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ اور سپریم کورٹ میں 2016 میں جج کے طور پر ترقی کر چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS